کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں تین افغان شہری ہلاک، ایک زخمی: پولیس, محمد کاظم، بی بی سی اُردو کوئٹہ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے افراد کے حملے میں تین افغان شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی شب ہزار گنجی کراس پر پیش آیا۔
متعلقہ علاقے کی پولیس کے ڈی ایس پی خضر حیات نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ چار افغان شہری افغانستان سے متصل ضلع چاغی کے علاقے دالبندین سے اج کوئٹہ پہنچے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو کوئٹہ سے بلوچستان کے افغانستان سے ہی ملحقہ ایک اور سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان جانا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ یہ لوگ کوئٹہ شہر کے نواح میں ہزار گنجی کراس پر گلستان جانے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر دو نامعلوم مسلح افراد آئے اور ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے ان چار افغان شہریوں میں سے دو موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دو کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا۔
انھوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ لوگ دالبندین میں کسی کے ہاں کام کرتےتھے اور یہ لوگ گلستان جانے کے لیے کوئٹہ آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاحال اس حملے کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں اور یہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ شالکوٹ پولیس سٹیشن کی حدود میں گذشتہ اتوار کو بھی ایک افغان شہری نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔
شالکوٹ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او عادل شاہ کے مطابق گذشتہ اتوار کو ہلاک ہونے والے افغان شہری کی شناخت حضرت اللہ عرف اورور اچکزئی کے نام سے ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق حضرت اللہ کوئٹہ میں رہائش پذیر تھے اور انھیں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا جب وہ ایک دکان پر بیٹھے تھے۔
















