آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کر دیے، غزہ میں ’ناقابل برداشت‘ فوجی کارروائی پر اسرائیلی سفیر کی طلبی

وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ نئے آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات معطل کر دیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’امداد روکنا، جنگ کو وسعت دینا، دوستوں اور شراکت داروں کے خدشات کو مسترد کرنا ناقابل دفاع ہے اور اس سب کو اب روکنا چاہیے۔‘

خلاصہ

  • حکومتِ پاکستان نے بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے ساتھ ساتھ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بطور پاکستانی ایئرفورس کے سربراہ اپنی خدمات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
  • غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 53,573 ہو گئی ہے۔
  • اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ 'ادارے کو غزہ میں 'تقریباً 100' امدادی ٹرک بھیجنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔'
  • انڈیا بھر میں 'پہلگام حملے' اور 'آپریشن سندور' پر تبصرہ کرنے پر 116 افراد گرفتار
  • سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی موت کی سزا کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ان کو سزائے موت دیے جانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
  • پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے آج بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات کی ہے
  • پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 20 سے 24 مئی کے دوران ممکنہ ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے

لائیو کوریج

  1. اسحاق ڈار پیر کو چین کا دورہ کریں گے: دفتر خارجہ

    پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 مئی سے 21 مئی تک چین کا دورہ کریں گے۔

    ایک بیان میں اس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اس موقع پر چینی وزیر خارجہ سے جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امن و استحکام کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ’دونوں فریقین پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات، علاقائی و عالمی پیشرفت پر بات چیت کریں گے۔‘

  2. سکھ برادری کو کرتارپور جانے سے روکنا مودی اور بی جے پی کے فاشسٹ ایجنڈے کو ظاہر کرتا ہے: پاکستان

    پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’کرتار پور کا منصوبہ تکثیریت، تنوع اور رواداری کی روشن مثال اور ہمارے سکھ بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کی علامت ہے۔‘

    اپنے ایک ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’مذہب پر عمل کرنے کی آزادی ایک بنیادی انسانی حق ہے۔‘

    محسن نقوی نے کہا کہ ’سکھوں کو کرتارپور جانے سے روکنا مودی اور بی جے پی کے فاشسٹ فرقہ وارانہ ایجنڈے اور مذہبی رواداری میں کمی کو ظاہر کرتا ہے۔‘

  3. غزہ جنگ بندی پر بات چیت: دوحہ میں مصر کی یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی تجویز

    حماس اور اسرائیل کے درمیان سنیچر کے روز دوحہ میں شروع ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کے موقعے پر قاہرہ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔

    ایک مصری ذریعے نے بی بی سی کو اس تجویز سے متعلق بتایا کہ اس میں 45 سے 60 دن کی جنگ بندی کے علاوہ 200 فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں حماس کے زیر حراست آٹھ سے دس اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی بھی شامل ہے۔ اور یوں غزہ کی پٹی میں ضروری امداد کی ترسیل بھی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اس تجویز پر اسرائیل کے جواب کا انتظار ہے جبکہ اسرائیلی نشریاتی ادارے نے خبر نشر کی ہے کہ 200 سے 250 فلسطینی قیدیوں کی رہائی ’متنازع ہے اور بات چیت سے مشروط ہے۔‘

    ذرائع نے اشارہ کیا کہ حماس زندہ اور مردہ اسرائیلی یرغمالیوں کے ناموں کی ایک تفصیلی فہرست فراہم کرے گا اور اسرائیل غزہ کی پٹی میں اپنی افواج کو دوبارہ تعینات کر سکتا ہے۔

    اس وقت جاری مذاکرات سے باخبر ایک فلسطینی اہلکار نے کہا کہ ’حماس یرغمالیوں کی تعداد اور رہائی سے متعلق لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے، لیکن مسئلہ ہمیشہ اسرائیل کا جنگ کو ختم کرنے کے عزم کا رہا ہے۔‘

    روئٹرز کے ساتھ رابطے میں حماس کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’اسرائیل کا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔ وہ جنگ ختم کرنے کا عہد کیے بغیر اپنے قیدیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔‘

    قطر، مصر اور امریکہ کے ثالث کاروں کی موجودگی میں مذاکرات ہو رہے ہیں۔

    بی بی سی کو ایک مصری ذریعے نے بتایا کہ ’مشرق وسطیٰ کے امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف کے پیش کردہ ایک مقالے میں ایک ’سنگل پیکیج معاہدے‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ’پورے خاندانوں کو مٹا دیا گیا تھا‘

    غزہ کی پٹی میں صحت کے حکام نے اتوار کے روز کہا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں رات بھر کم از کم 100 فلسطینی مارے گئے۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر خلیل الدقران نے ٹیلی فون پر روئٹرز کو بتایا کہ ’گزشتہ رات سے اب تک ہمارے پاس کم از کم 100 لاشیں آ چکی ہیں۔ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے پورے پورے خاندان ختم ہو گئے ہیں۔‘

    طبی ماہرین نے بتایا کہ تازہ ترین کارروائیوں میں متعدد خواتین اور بچے ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے اور کئی خیموں کو آگ لگا دی گئی ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلیجی ممالک کے دورے کے باوجود حالیہ دنوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اس سے قبل اتوار کو ہلاک ہونے والے درجنوں افراد میں تین صحافی اور ان کے اہل خانہ بھی شامل تھے۔ طبی حکام نے بتایا کہ شمالی غزہ میں ایک اور خاندان کے کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق طبی ماہرین نے بتایا کہ حماس کے سابق رہنما یحییٰ سنوار کے بھائی زکریا سنوار، جنھیں گذشتہ اکتوبر میں اسرائیل نے ہلاک کر دیا تھا، اور ان کے تین بچے وسطی غزہ میں ان کے خیمے پر اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے۔

    ایک بیان میں حماس نے ’بے گھر ہونے والوں کے خیموں کو نشانہ بنانا اور ان کے اندر موجود معصوم شہریوں کے ساتھ جلانے کو ایک نیا وحشیانہ جرم قرار دیا۔‘

    حماس نے مزید کہا کہ ’امریکی انتظامیہ، دہشت گرد قابض حکومت کو سیاسی اور فوجی حمایت دے کر، غزہ کی پٹی میں اس پاگل پن اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی براہ راست ذمہ داری قبول کرے۔‘

    دو ماہ کی جنگ بندی کے بعد اسرائیل نے 18 مارچ کو غزہ میں دوبارہ فوجی آپریشن شروع کیا اور اس پٹی کے بڑے علاقوں پر قبضہ کر لیا۔

    اسرائیلی فوج نے ابھی تک تازہ ترین کارروائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، لیکن ایک پچھلے بیان میں اس نے کہا تھا کہ وہ اپنے فوجی مقاصد کے حصول کے لیے اپنے منصوبے کے تحت غزہ کے علاقوں پر شدید فضائی حملے کر رہی ہے۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں یرغمال بنائے گئے ’یرغمالیوں کو رہا کرنا اور حماس کو شکست دینا‘ ہے۔

  4. انڈیا کا ای او ایس-09 سیٹیلائٹ لانچ کے تیسرے مرحلے میں ناکام ہو گیا

    انڈیا کے خلائی تحقیق کے ادارے انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز ستیش دَھون خلائی مرکز سے بھیجا جانے والا مشن ناکام رہا ہے۔

    آئی ایس آر او کے سربراہ وی نارائن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل وی-سی61 راکٹ مشن کے تیسرے مرحلے میں ناکام ہو گیا۔

    آئی ایس آر او کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 101ویں لانچ کی کوشش کی گئی تھی۔

    بیان کے مطابق دوسرے مرحلے تک راکٹ کی کارکردگی معمول کی مطابق تھی تاہم تیسرے مرحلے میں اس میں خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد مشن مکمل نہ کیا جا سکا۔

    اس مشن کے تحت ای او ایس (ارتھ آبزرویشن سیٹیلائٹ)-09 سیٹیلائٹ کو مدار میں چھوڑا جانا تھا۔

    ای او ایس-09 آئی ایس آر او کی جانب سے فروری 2022 میں خلا میں چھوڑے گئے ریڈار ایمیجنگ سیٹیلائٹ ای او ایس-04 کا ہی ایک اور ماڈل ہے۔

    ای او ایس-09 بنانے کا مقصد انڈیا کی ریموٹ سینسنگ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔ اس میں جدید سی-بینڈ سنتھیٹک اپرچر ریڈار نصب تھا جس کی مدد سے کسی بھی موسمی صورتحال میں زمین کی ہائی ریزولیشن تصویریں لی جا سکتی تھیں۔

    انڈین میڈیا کے مطابق یہ سیٹیلائٹ سویلین اور فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونا تھا۔

  5. آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے تسلسل کے لیے پاکستان پر نئی شرائط عائد کر دیں, تنویر ملک، صحافی

    بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے جاری کردہ سٹاف لیول معاہدے کی نئی رپورٹ میں کچھ نئی شرائط عائد کی ہیں جن پر عمل درآمد قرض پروگرام کے تسلسل کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    سنیچر کی رات آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں مختلف شرائط عائد کی گئی ہیں۔

    ان شرائط میں سے ایک میں پاکستان کی پارلیمان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پانچ سال تک پرانی گاڑیوں کی درآمد پر پابندی کے خاتمے کے لیے جولائی کے آخر تک ضروری قانون سازی متعارف کروائی جائے۔ فی الوقت صرف تین سال پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت ہے۔

    آئی ایم ایف شرائط کے مطابق جون 2025 کے آخر تک مالی سال 2026 کے بجٹ کی پارلیمان سے منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے صوبوں پر بھی نئی شرط عائد کی گئی ہیں۔ چاروں اکائیوں کو زرعی آمدن پر نیا ٹیکس لاگو کرنا ہوگا جس کے تحت ریٹرن فائلنگ، ٹیکس دہندہ کی شناخت، رجسٹریشن، آگاہی مہم اور تعمیل کے بہتر منصوبے شامل ہیں۔ اس کی آخری تاریخ 30 جون ہے

    آئی ایم ایف شرائط کے مطابق حکومت کو ایک گورننس ایکشن پلان شائع کرنا ہوگا تاکہ اہم حکومتی کمزوریوں کی اصلاح کی جا سکے۔

    اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے حکومت سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت دی جانے والی نقد امداد میں سالانہ مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ خریداری کی حقیقی قوت برقرار رہے۔

    ایک اور شرط کے تحت حکومت کو 2027 کے بعد مالیاتی شعبے کی حکمت عملی پر مبنی ایک منصوبہ شائع کرنا ہوگا، جس میں 2028 کے بعد کا ادارہ جاتی اور ضابطہ جاتی فریم ورک شامل ہوگا۔

    توانائی کے شعبے میں چار نئی شرائط عائد کی گئی ہیں۔ حکومت کو یکم جولائی تک بجلی کے نرخوں کی سالانہ بنیاد پر نظرثانی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا تاکہ بجلی کے نرخ لاگت کی بنیاد پر برقرار رہیں۔ اسی طرح، گیس کے نرخوں کی ششماہی بنیاد پر ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن 15 فروری 2026 تک جاری کرنا ہوگا۔

    پارلیمان کو رواں ماہ کے آخر تک کیپٹو پاور لیوی آرڈیننس کو مستقل قانون بنانے کے لیے قانون سازی کرنی ہوگی، تاکہ صنعتوں کو قومی گرڈ سے بجلی لینے پر مجبور کیا جا سکے۔

    ایک اور قانون سازی کے تحت بجلی کے بلوں میں قرض ادائیگی سرچارج پر زیادہ سے زیادہ 3.21 روپے فی یونٹ کی حد ختم کی جائے گی، اس شرط کو جون کے آخر تک مکمل کرنا ہوگا۔

    اسی طرح یہ آئی ایم ایف کی طرف سے یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ پاکستان سپیشل ٹیکنالوجی زونز اور دیگر صنعتی زونز میں دی گئی تمام مراعات کو 2035 تک مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کرے گا، جو سال کے آخر تک مکمل کرنا لازم ہے۔

  6. انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی جاری ہے، اس کی کوئی ایکسپائری نہیں: انڈین فوج

    انڈین فوج کا کہنا ہے کہ 12 مئی کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان طے پایا جانے والا جنگ بندی کا معاہدہ ختم نہیں ہوا ہے۔

    انڈین فوج کی جانب سے جاری بیان میں ان خبروں کی تردید کی گئی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والا معاہدہ عارضی تھا جو اتوار کے روز ختم ہو رہا ہے۔

    ’جہاں تک دونوں ملکوں کے ڈائیریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی بات ہے تو اس کی میعاد ختم ہونے کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اتوار کے روز دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان کوئی بات چیت شیڈول نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ہفتے جمعرات کے روز پاکستان کی ایوانِ بالا سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں 18 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان 15 مئی کو رابطہ ہوا تھا جس میں جنگ بندی میں اتوار تک توسیع پر اتفاق ہوا۔

  7. بروکلن برج حادثہ: میکسیکن نیوی کا جہاز پل سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو ہلاک، 19 زخمی

    نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز کے مطابق میکسیکن نیوی کے ایک بڑے تربیتی جہاز کے بروکلن برج سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور کم از کم 19 زخمی ہو گئے ہیں۔

    ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ سنیچر کی شام پیش آنے والے اس حادثے سے قبل ’کواوٹیماک‘ نامی جہاز کی بجلی بند ہو گئی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز خیرسگالی کے مشن پر تھا اور اس پر 277 افراد سوار تھے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

    حادثے کے وقت کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز پل کے نیچے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس کا بادبانوں کا ٹاور پل سے ٹکرا گیا۔

    اس حادثے کے نتیجے میں ٹاور کا کچھ حصہ ٹوٹ کر جہاز کے اگلے حصے پر گر گیا۔

    حکام کا کہنا ہے زخمیوں میں جہاز کے اوپری حصے پر کھڑے افراد شامل ہیں۔

  8. ’انڈین پراپیگنڈے‘ کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے وزیراعظم کا بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ’انڈین پراپیگنڈے‘ اور سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق اس حوالے سے شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

    وفد میں ڈاکٹر مصدق ملک، انجینئر خرم دستگیر، سینیٹر شیری رحمان، حنا ربانی کھر، فیصل سبزواری، تحمینہ جنجوعہ اور جلیل عباس جیلانی شامل ہوں گے۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق یہ وفد لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز کا دورہ کرے گا جہاں وہ نہ صرف انڈین پراپیگنڈے اور خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو بے نقاب کرے گا بلکہ پاکستان کی امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کرے گا۔

    خیال رہے کہ اس وفد میں پاکستان تحریکِ انصاف کا کوئی نمائندہ شامل نہیں۔

    یار رہے کہ اس سے قبل انڈیا کے پریس انفارمیشن بیورو نے اطلاع دی تھی کہ انڈین حکومت نے ایک سات رکنی وفد تشکیل دیا ہے جو دنیا بھر میں اس کے اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کر کے انھیں آپریشن سندور اور سرحد پار دہشتگردی پر بریفنگ دے گا۔

    پریس انفارمیشن بیورو کے مطابق یہ ٹیم ’آپریشن سندور اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف انڈیا کی مسلسل لڑائی کے تناظر میں دورہ کرے گی۔‘

    اس دورے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان بھی وفد کے ہمراہ ہوں گے۔

    پی آئی بی کے مطابق اس وفد میں کانگریس کے سینیئر لیڈر ششی تھرور، بی جے پی کے لوک سبھا ایم پی روی شنکر پرساد، جنتا دل یونائیٹڈ کے سنجے کمار جھا، بی جے پی ایم پی بائیجیانت پانڈا، ڈی ایم کے پارٹی کے کنیموزی کروناندھی، این سی پی کی سپریا سولے اور شیوسینا کے ایکناتھ شندے شامل ہیں۔

  9. میکسیکو کا بحری جہاز نیویارک کے بروکلن برج سے ٹکرا گیا

    سنیچر کے روز میکسیکو کی بحریہ کا ایک بڑا تربیتی بحری جہاز امریکہ کے شہر نیویارک کے بروکلن پل سے ٹکرا گیا۔

    حادثے کے وقت کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز پل کے نیچے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس کا بادبانوں کا ٹاور پل سے ٹکرا گیا۔

    اس حادثے کے نتیجے میں ٹاور کا کچھ حصہ ٹوٹ کر جہاز کے اگلے حصے پر گر گیا۔

    میکسیکو کی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ جہاز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ میکسیکو کی بحریہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    نیویارک شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں تاریخی بروکلن پل کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔

    اس سے قبل فائر ڈیپارٹمنٹ نے بی بی سی کے پارٹنر سی بی ایس کو بتایا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تاہم فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس فی الحال یہ اطلاعات نہیں کہ اس حادثے میں کتنے افراد زخمی ہوئے ہیں یا زخمی ہونے والے افراد جہاز پر موجود تھے یا پل پر۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق جہاز پر عملے کے 200 ارکان موجود تھے۔

  10. غزہ امن مذاکرات کا نیا دور، 60 روزہ جنگ بندی کے بدلے حماس کی کچھ قیدیوں کو رہا کرنے کی تجویز

    حماس نے نئے مجوزہ غزہ امن معاہدے کے تحت 60 روزہ جنگ بندی کے بدلے مزید قیدیوں کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

    ایک فلسطینی عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حماس 60 روزہ جنگ بندی اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے نو یرغمالیوں کو چھوڑنے کے لیے راضی ہے۔

    عہدیدار کے مطابق، اس نئے معاہدے کے تحت روزانہ کی بنیاد پر 400 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے جبکہ مریضوں کو علاج کے لیے غزہ سے باہر جانے دیا جائے گا۔ بدلے میں اسرائیل نے قیدیوں کے زندہ ہونے کے ثبوت اور ان کے متعلق تمام تر تفصیلات مانگی ہیں۔

    غزہ میں جنگ بندی کے لیے نئے مذاکرات کا دور امریکی اور قطری حکام کی ثالثی میں سنیچر کو دوحہ میں شروع ہوا ہے۔

    اسرائیل کی جانب سے تاحال اس نئے مجوزہ معاہدے پر تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم مذاکرات کے آغاز سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ نہ تو غزہ سے اپنی فوجیں واپس بلائے گا اور نہ جنگ ختم کرنے کی یقین دہانی کروائے گا۔

    یاد رہے کہ یہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب اسرائیلی فوج نے غزہ کے کئی علاقوں پر قبضے اور حماس کو ’شکست دینے کے لیے‘ ایک وسیع آپریشن کا آغاز کیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اس وقت تک کارروائیاں بند نہیں کریں گے جب تک کہ حماس ان کے لیے خطرہ نہ رہے اور ہمارے تمام یرغمالی گھروں کو واپس نہ آ جائیں۔‘

    سنیچر کے روز اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں 150 سے زائد دہشت گرد اہداف پر حملہ کیا ہے۔‘

  11. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت میں مالیاتی اور بیرونی شعبے میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں بہتری کے باوجود ملک کی معاشی ترقی میں تنزلی ہوئی ہے۔
    • عرب لیگ نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ’خونریزی‘ کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں اور امداد کی آمد کو یقینی بنائیں۔
    • حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے ان کی جانب سے دوحہ میں مذاکرات کے نئے دور کا آغاز کیا گیا ہے۔
    • انڈیا کی پارلیمان میں قائد حزب اختلاف حزب راہل گاندھی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے حملے سے متعلق پاکستان سے معلومات شیئر کرنے کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ ’حملے سے قبل پاکستان کو آگاہ کرنا جرم ہے۔ جے شنکر بتائیں اس کی اجازت انھیں کس نے دی؟
    • ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور قطر نے شام پر واجب الادا ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضے ادا کر دیے ہیں۔
  12. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔