آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات، اہل خانہ کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا

اڈیالہ جیل حکام کے مطابق عمران خان اور سلمان صفدر کی ملاقات کا انتظام علیحدہ کمرے میں کیا گیا، جہاں دونوں کے درمیان تین گھنٹے سے زائد بات چیت ہوئی۔

خلاصہ

  • مالاکنڈ ڈویژن صوبائی نظم و نسق میں ہوگا، پشاور میں بھی اب پی ایس ایل میچز ہوں گے: اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ
  • امریکہ کے ساتھ سفارتی عمل جاری رہے گا، عمان میں مذاکرات پر ترکی کی ناراضی کی کوئی وجہ نہیں: ایران
  • وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو 15 فروری کو انڈیا کیخلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دوست ممالک کی درخواست پر کیا گیا
  • سڈنی میں اسرائیلی صدر کے خلاف احتجاج کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا
  • اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے بین الاقوامی تنظیم برائے تارکین وطن نے تصدیق کی ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے سبب 53 افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے ہیں
  • عمران خان سے ملاقات کروانے کی درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

لائیو کوریج

  1. سری لنکا کے صدر کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست

    سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پیر کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کو کہا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق سری لنکن صدر نے کہا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے دوران پاکستان نے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے بھرپور تعاون کیا تھا۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق سری لنکن صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی اور پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دہشتگردی کے باوجود سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کے لیے دورے جاری رکھے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک ناقابلِ فراموش اقدام اٹھایا۔

    واضح رہے کہ سری لنکن صدر نے پاکستانی وزیر اعظم سے ایسے وقت میں رابطہ کیا ہے، جب اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کر چکا ہے کہ وہ انڈیا کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ کھیلے۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ میچ نہ ہونے کی وجہ سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھی بھاری مالی نقصان ہو گا۔

    پاکستان کی جانب سے انڈیا کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر بات چیت کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھِی اتوار کو پاکستان آئے تھے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین الاسلام نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی اتوار کو لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کے بائیکاٹ پر بات چیت ہوئی تاہم اس کا نتیجہ اب تک واضح نہیں۔

    آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن مبشر عثمانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی اور اس اجلاس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود تھے۔

  2. ’ہرزوگ کو گرفتار کرو‘: آسٹریلیا میں اسرائیلی صدر کے خلاف احتجاج اور مظاہرین کی گرفتاریاں

    آسٹریلوی پولیس نے سڈنی میں اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کے دورے کے موقع پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف پیپر سپرے کا استعمال کیا ہے۔

    پیر کو سڈنی میں متعدد افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔

    اس سے قبل اسرائیلی صدر نے بونڈائی بیچ پر یروشلم سے لائے گئے دو پتھر اور ایک پھولوں کی چادر رکھی تھی۔ یہ وہ مقام تھا جہاں دسمبر میں ایک فائرنگ کے واقعے کے دوران ایک 10 سالہ بچی سمیت 15 افراد ہلاک ہوِئے تھے۔

    آسٹریلیا کے سینیئر یہودی رہنماؤں کو امید تھی کہ آئزک ہرزوگ کا چار روزہ دورہ ان کی غمزدہ برادری کے لیے آرام کا باعث بنے گا لیکن دیگر لوگوں نے اسرائیلی رہنما کی آمد کی مخالفت کی تھی اور ان پر غزہ میں نسل کشی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ اسرائیلی رہنما اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

    سڈنی میں احتجاجی مظاہرہ فلسطین ایکشن گروپ کے زیرِ اہتمام ہوا تھا۔ پیر کو اس احتجاجی مظاہرے میں لوگ فلسطینی سکارف اور ہاتھ میں بورڈز اُٹھائے شامل ہوئے تھے۔

    ایک بورڈ پر لکھا تھا: ’میں یہود مخالف نہیں ہوں بلکہ نسل کشی کا مخالف ہوں۔‘ ایک اور پوسٹر پر لکھا تھا: ’ہرزوگ کو گرفتار کرو۔‘

    جب اس ریلی کا اختتام ہوا تو مظاہرین نے نعرے لگائے کہ ’ہمیں مارچ کرنے دیں‘ لیکن وہاں موجود پولیس کی بھاری نفری نے انھیں روک لیا۔

    اس وقت کشیدگی کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیپر سپرے کا استعمال کیا۔

    ایک ایسا ہی احتجاجی مظاہرہ میلبرن میں بھی ہوا۔

    خیال رہے آئزک ہرزوگ آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھنی البانیز کی دعوت پر آسٹریلیا آئے ہیں۔

    بونڈائی بیچ پر بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’جب ایک یہودی کو تکلیف پہنچتی ہے تو تمام یہودی اسے محسوس کرتے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ’غمزدہ خاندانوں کو تسلی دینے اور سینے سے لگانے‘ آسٹریلیا آئے ہیں۔

  3. پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں پانچ ہزار سے زیادہ روپے کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں پیر کو سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ سونا 5300 روپے مہنگا ہو گیا۔

    یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی کے بعد سامنے آیا ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 5 لاکھ 24 ہزار 762 روپے ہو گئی ہے۔

    اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4165 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 12 ہزار 421 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں سونا 53 ڈالر مہنگا ہو کر 5020 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا ہے۔

    دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 346 روپے مہنگی ہو کر 8615 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت میں 296 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 7385 روپے ہو گئی۔

  4. دہشتگری کے مقدمے میں سزا یافتہ شاہد بٹ کا برمنگھم انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ, کیتھرین سٹینزیسزین، برمنگھم

    ماضی میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزام پر سزا پانے والے شاہد بٹ نے برطانیہ کے لوکل انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’لوگوں کی قیاس آرائیوں اور تشویش‘ کو سمجھتے ہیں۔

    شاہد بٹ کو سنہ 1999 میں یمن میں برطانوی قونصلیٹ کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں قصوروار پایا گیا تھا۔ تاہم انھوں نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر تشدد کر کے ان سے اعترافی بیان لیا گیا تھا۔

    لیبر اور کنزرویٹو پارٹی دونوں نے شاہد بٹ کے بطور آزاد امیدوار برمنگھم میں مقامی انتخابات میں کھڑے ہونے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تاہم شاہد بٹ کا کہنا ہے کہ: ’اگر وہ مجھے انتہاپسند سمجھتے ہیں تو میں ان کی رائے نہیں بدل سکتا، یہ فیصلہ سپارک ہِل کے لوگوں نے کرنا ہے۔‘

    شاہد بٹ کو یمن میں واقع ایک چرچ اور سوئس ہوٹل کو دھماکے سے اُڑانے کا منصوبہ بنانے کا الزام ثابت ہونے پر بھی قصوروار پایا گیا تھا۔ ان الزامات پر شاہد بٹ سمیت آٹھ برطانوی شہریوں اور الجزائر کے دو باشندوں کو سزائیں سنائی گئی تھیں۔

    عدالتی کارروائی کے دوران پراسیکیوشن نے کہا تھا کہ حملوں کے یہ منصوبے یمن سے مغربی اثر و رسوخ کو ختم کرنے اور اسلامی حکومت کے قیام کی کوشش کا حصہ تھے۔

    چھ مہینے پر محیط عدالتی کارروائی کے اختتام پر عدالت نے ملزمان کے تشدد سے متعلق دعوے مسترد کر دیے تھے۔

    شاہد بٹ اس وقت 33 برس کے تھے اور انھیں پانچ برس قید کی سزا سُنائی گئی تھی۔

    مسلم پارلیمنٹ نامی تنظیم کے اس وقت کے سربراہ ڈاکٹر غیاث الدین نے اس عدالتی کارروائی کو ’انصاف کے ساتھ مذاق‘ قرار دیا تھا۔

    بی بی سی پالیٹکس مڈلیڈ سے بات کرتے ہوئے شاہد بٹ کا کہنا تھا کہ: ’میں نے پہلے دن سے ہی یہ کہا ہے کہ میرے خلاف الزامات جھوٹے تھے اور مجھ پر تشدد کر کے اعترافی بیان پر دستخط کروائے گئے تھے۔‘

    ’جہاں تک قانون کا تعلق ہے، برطانوی قانون مجھے بطور کونسلر انتخابات میں حصہ لینے سے نہیں روکتا۔‘

    انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ماضی میں سُنائی جانے والی سزا انتخابات پر اثر انداز ہوگی: ’ظاہر سی بات ’سزا یافتہ دہشتگرد‘ جیسا الفاظ سننا اچھا نہیں لگتا اور میں لوگوں کی قیاس آرائیوں اور تشویش کو سمجھتا ہوں۔‘

    شاہد بٹ کہتے ہیں کہ وہ انتخابات میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تاکہ اس برادری کی خدمت کر سکیں جس کا وہ عمر بھر حصہ رہے ہیں۔

    شاہد بٹ حالیہ دنوں میں بھی ایک متنازع شخصیت رہے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں آسٹن ولا اور اسرائیلی فٹبال کلب مکابی تل ابیب کی درمیان میچ کے خلاف برمنگھم کے مسلمانوں کی احتجاج کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی تھی۔

    ان پر الزام تھا کہ ان کی جانب سے استعمال کی گئی زبان کے سبب وہاں لوگوں کے درمیان تصادم ہوا۔

    سوشل میڈیا پر احتجاج کی ویڈیو میں شاہد بٹ کو کہتے ہوئے سنا گیا تھا: ’مسلمان صلح جو نہیں۔۔۔ اگر کوئی آپ کے سامنے کھڑا ہو جائے تو آپ اس کے دانت توڑ دیں۔‘

    تاہم شاہد بٹ کہتے ہیں کہ: ’ہم ایک جمہوری معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ہمیں احتجاج کرنے کی اجازت ہے۔‘

    ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا تھا اور وہ مظاہرین کو کسی خطرے کی صورت میں اپنا دفاع کرنے کے بارے میں بتا رہے تھے۔

    ’میں خصوصی طور پر نوجوانوں کو بتا رہا تھا کہ آپ کو اپنا دفاع کرنے کا حق ہے۔‘

  5. امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی ’شروعات اچھی‘ ہوئی ہے: مشیرِ ایرانی رہبرِ اعلیٰ

    ایران کے رہبرِ اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک مشیر نے مسقط میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی شروعات کو مثبت قرار دیا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق خامنہ ای کے مشیر کمال خرازی کا کہنا تھا کہ: ’امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی شروعات اچھی رہی ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ یہ ’عمل درست طریقے سے جاری‘ رہے گا۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کے دوران ’کچھ بھی ہو سکتا ہے اور اس کا انحصار دوسرے فریق پر بھی ہوگا۔‘

    ایران کی اسنا نیوز ایجنسی کے مطابق خرازی کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے خلاف واشنگٹن کو ’دوسرے راستوں سے کوئی کامیابی نہیں ملی اور اسی لیے اب امریکہ ہوش میں آنے کے بعد نئے راستوں کی تلاش میں ہے۔‘

    خیال رہے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات 7 فروری کو مسقط کے دارالحکومت عمان میں ہوئے تھے۔

  6. شرح پیدائش بڑھانے کے لیے ’ویتنامی یا سری لنکن نوجوان خواتین درآمد‘ کرنے کی تجویز پر سرکاری اہلکار پارٹی سے برطرف

    جنوبی کوریا میں شرحِ پیدائش بڑھانے کے لیے ’ویتنامی یا سری لنکن نوجوان خواتین درآمد‘ کرنے کی متنازع تجویز دینے والے علاقائی عہدیدار کو اپنی ہی سیاسی جماعت کی رُکنیت سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

    گذشتہ ہفتے ایک ٹاؤن ہال اجلاس میں جنوبی جندو کاؤنٹی کے سربراہ کِم ہی سو نے کہا تھا کہ ان خواتین کی شادیاں ’دیہی علاقوں میں نوجوان مردوں‘ سے کروائی جا سکتی ہیں۔

    یہ متنازع تجویز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب جنوبی کوریا میں شرحِ پیدائش میں بڑی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے اور اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اگلے 60 برسوں میں اس ملک کی آبادی آدھی رہ جائے گی۔

    تاہم کِم کا یہ بیان ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ویتنام کی جانب سے بھی سفارتی طور پر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا، جس کے بعد انھیں حکمراں ڈیموکریٹک پارٹی نے جماعت سے باہر نکال دیا ہے۔

    کِم نے معذرت کر کے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی تھی، تاہم انھیں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا۔

    ساؤتھ جیئولا صوبے کی جانب سے بھی کِم کے ’غیرمناسب جملوں‘ پر باضابطہ طور پر معافی مانگی گئی ہے، جو ’ویتنامی لوگوں اور خواتین کے لیے تکلیف کا باعث بنے۔‘

    سری لنکا میں حکام نے اب تک اس موضوع پر بات نہیں کی ہے۔ تاہم ویتنام کے سفارتخانے نے فیس بک پر اپنے ایک بیان میں اس کی مذمت کی تھی۔

    اس معاملے کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی سپریم کونسل نے متفقہ طور پر کِم کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

  7. لیبیا کشتی حادثے میں دو بچوں سمیت 53 افراد ہلاک یا لاپتا: ادارہ برائے تارکینِ وطن

    اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے بین الاقوامی تنظیم برائے تارکین وطن (آئی او ایم) نے تصدیق کی ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے سبب 53 افراد ہلاک یا لاپتا ہوگئے ہیں۔

    آئی او ایم کے ایک ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یہ کشی لیبیا میں زراوہ کے قریب چھ فروری کو حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس کے بعد صرف دو نائیجرین خواتین کو سرچ آپریشن کے دوران ریسکیو کیا گیا تھا۔

    حادثے میں بچ جانے والی ایک خاتون کے مطابق انھوں نے اپنے شوہر کو کھویا ہے جبکہ دوسری خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے دو بچے بھی اس حادثے کے بعد لاپتا ہیں۔

    بچ جانے والی خواتین کے بیانات کے مطابق یہ کشتی پانچ فروری کو لیبیا کے علاقے زاویہ سے چلی تھی اور اس میں افریقی نژاد باشندے سوار تھے۔

    آئی او ایم کے ڈیٹا کے مطابق صرف گذشتہ مہینے جنوری میں کم از کم 375 تارکین وطن کے ہلاک یا لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

  8. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی، 100 انڈیکس میں تین ہزار پوائنٹس کی کمی

    پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں اتوار کو مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    مارکیٹ میں حصص کی فروخت کے رجحان کے دباؤ کی وجہ سے انڈیکس میں تین ہزار پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد 100 انڈیکس ا1 لاکھ 80 ہزار 992 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

    سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، تاہم آغاز میں حصص کی قدر میں ہونے والا اضافہ اس وقت کم ہو گیا جب مارکیٹ میں بینکوں کےشعبے کے مالیاتی نتائج کا اعلان شروع ہوا۔

    سٹاک مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کےمطابق بینکوں کےشعبے میں ایک بڑے اسلامی بینک کی جانب سے شیئر ہولڈز کے لیے کم منافع کے اعلان کی وجہ سے مارکیٹ میں منفی کا رجحان پیدا ہوا۔

    اس کے ساتھ تیل و گیس کے شعبے میں ریکو ڈک منصوبے میں کام کرنے والے باراک گولڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے جانب سے آنے والے بیان نے بھی مارکیٹ میں منفی رجحان کو فروغ دیا ہے۔

    سٹاک مارکیٹ پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں تین ہزار پوائنٹس کی کمی میں بڑا حصہ تیل و گیس کے شعبے کی دو کمپنیوں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ کے حصص میں ہونے والی کمی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان دو کمپنیوں کے حصص میں کمی نے مارکیٹ انڈیکس میں 900 پوائنٹس تک کمی کی۔

    شہر بار نے بتایا کہ ریکوڈک میں کام کرنے والی بارارک گولڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے بیان نے او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے حصص میں کمی کی۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بیان دیا تھا۔

    شہریار نے کہا کہ میڈیا اطلاعات ک مطابق کمپنی کا بورڈ اس منصوبے کے حوالے سے کچھ چیزوں کا جائزہ لے رہا ہے۔

    شہر یار بٹ نے کہا بینکاری کے شعبے میں میزان بینک کی جانب سے شیئر ہولڈرز کے لیے سات روپے فی حصص کا اعلان کیا گیا، جو مارکیٹ کے نزدیک مایوس کن تھا کیونکہ جب میزان بینک کا شیئر 200 روپے تھا تو اس وقت بھی بینک کی جانے سات روپے منافع دیا جاتا تھا اور اب شیئر کی قیمت 500 تک پہنچ چکی ہے اس کے بعد بھی اس کے فی شیئر سات روپے منافع کی تقسیم سے مارکیٹ میں مایوس پھیلی جس نے منفی رجحان کو فروغ دیا۔

  9. جوئے کی ایپس کے فروغ سے متعلق مقدمہ: ڈکی بھائی، اہلیہ عروب جتوئی سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

    لاہور کی ایک عدالت نے پاکستانی یوٹیوبر سعد الرحمان (ڈکی بھائی) اور انکی اہلیہ سمیت متعدد ملزمان پر جوئے کی ایپس کے فروغ سے متعلق مقدمے میں فردِ جرم عائد کر دیا ہے۔

    ڈکی بھائی کو گذشتہ برس اگست میں اُس وقت لاہور ایئر پورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا، جب وہ اپنی اہلیہ عروب جتوئی کے ہمراہ ملائیشیا جا رہے تھے۔ لگ بھگ تین ماہ بعد اُنھیں 26 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

    سعد الرحمان، اُن کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی یا این سی سی آئی اے نے عام پاکستانی شہریوں کو آن لائن جوا کھلانے والی ایپلیکشنز میں سرمایہ کاری کرنے پر اُکسانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

    سوموار کے روز یوٹیبر ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان پر فردِ جرم عائد کی گئی۔ تاہم ملزمان نے اس موقع پر صحت جرم سے انکار کیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے 23 فروری کو مقدمے کے گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔

  10. ایرانی صدر نے جنوری میں ہونے والے مظاہروں کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دے دیا

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک میں گذشتہ ماہ ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں اور ان کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیشن بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

    بی بی سی فارسی نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کمیشن کی سربراہی نائب صدر محمد رضا عارف کریں گے۔ کمیشن میں دیگر حکومتی ارکان کے علاوہ حکومت سے باہر کے لوگ بھی شامل ہوں گے۔

    ایرانی میڈیا کی خبروں کے مطابق، یہ کمیٹی ان واقعات کی وجوہات کی مکمل جانچ پڑتال، ملک میں پائی جانے والی تقسیم کو ختم کرنے اور ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے کام کرے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں ہونے والے احتجاج کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، مرنے والوں کی تعداد 3,000 سے زائد ہے تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں بشمول ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ تعداد کم از کم 6,961 ہے اور مزید 11 ہزار سے زائد ہلاکتوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

  11. عمران خان سے ملاقات کروانے کی درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

    پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان سے ان کے وکیل کی فوری ملاقات کروانے کی درخواست مسترد کر دی۔

    سوموار کے روز سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے سابق وزیرِ اعظم سے ملاقات کی استدعا پر عدالت نے وفاقی حکومت کو منگل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

    چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم بغیر نوٹس ایسا کوئی حکم نہیں دے سکتے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے اعتراض کی رکاوٹ کو عبور کرنا ہوگا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے خلاف یہ کیس آیا تھا، دیکھنا ہوگا کہ کیس غیر موثر ہو چکا یا ابھی چلایا جا سکتا ہے۔

    سوموار کے روز سپریم کورٹ میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق 13 درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

    عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس

    سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس میں ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو منگل کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

    چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن نے درخواست کی سماعت کی۔

    دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ انھیں اپنے موکل سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اس پر چیف جسٹس یحیی آفریدی کا کہنا تھا کہ کل ملاقات سے متعلق بھی فیصلہ کریں گے۔

    سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

    سائفر کیس

    سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف دائر سائفر کیس کی سماعت کے لیے تین رکنی بینچ بنانے کا حکم دے دیا۔

    القادر ٹرسٹ کیس

    القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی گئی۔

    توشہ خانہ کیس

    توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواستیں غیر موثر ہونے پر خارج کر دی گئیں۔

    اس کے علاوہ عدالت نے سائفر کیس اور نو مئی واقعات میں ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی ہیں۔

    سپریم کورٹ نے عمران خان کو جیل میں ملنے والی سہولیات اور موجودہ حالت سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

  12. کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والے شخص کا اعترافِ جرم واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع

    2019 میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملہ کر کے 51 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا پانے والے والا سفید فام نسل پرست شخص نے اپنا اعتراف جرم واپس لینے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔

    آسٹریلوی شہری برینٹن ٹارنٹ نے مارچ 2019 میں کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں پر حملے میں 51 افراد کو قتل کرنے اور مزید 40 کو قتل کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد انھیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا کے دوران انھیں معافی کا حق بھی نہیں مل پائے گا۔ جج کی جانب سے ان کے عمل کو ’غیر انسانی‘ قرار دیا گیا اور انھوں نے کہا کہ میں نے اس معاملے میں ’کوئی رعایت نہیں برتی۔‘

    ابتدائی طور پر ٹارنٹ نے خود پر لگے الزامات سے انکار کیا لیکن حملے کے ایک سال بعد ٹارنٹ نے اپنی درخواست بدل دی۔

    35 سالہ مجرم جس نے دہشت گردی کے ایک جرم کا بھی اعتراف بھی کیا تھا نے اب ایک اپیل دائر کی ہے۔ ٹارنٹ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ وہ جیل میں ’تشدد اور غیر انسانی‘ حالات کی وجہ سے اس وقت سوچ سمجھ کر فیصلے لینے کے قابل نہیں تھے۔

    برینٹن ٹارنٹ اپنی سزا کے خلاف اپیل بھی کرنا چاہتے ہیں۔ ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کی کورٹ آف اپیل میں سماعت پورے ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے جس کے دوران توقع ہے کہ ٹارنٹ ویڈیو لنک کے ذریعے ثبوت فراہم کریں گے۔

    النور مسجد اور لنوڈ اسلامک سنٹر میں قتل عام کے کچھ حصے براہ راست نشر کیے گئے تھے۔

    اس سانحے کی وجہ سے نیوزی لینڈ اسلحے سے متعلق قوانین میں ترمیم لانے پر بھی مجبور ہوا تھا۔

    اس واقعے کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے بعد حکومت نے قانون میں ترمیم لاتے ہوئے ہر قسم کے نیم خود کار ہتھیاروں، خود کار رائفلز اور زیادہ گنجائش والے میگزینز پر پابندی عائد کر دی تھی۔

  13. روس اور عمان کا ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی تصادم کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور

    روس اور عمان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات جاری رہنے چاہیئیں۔

    عمانی وزیر خارجہ بدر السعیدی اور روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے بعد روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماسکو اور مسقط نے ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی تصادم کو روکنے اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سرگئی لاوروف نے اس ضمن میں عمان کی کوششوں کو سراہا۔

    تہران کے جوہری بحران کے حل کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا ایک نیا دور جمعہ چھ فروری کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقد ہوا۔

    ایرانی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی اور امریکی وفد کی سربراہی ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کر رہے تھے۔

    عمانی وزیر خارجہ کے مطابق مسقط میں ایرانی اور امریکی وفود نے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں انتہائی سنجیدہ مذاکرات ہوئے اور انھیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

  14. ایران نے نوبل انعام یافتہ نرگس محمدی کو مزید ساڑھے سات سال قید کی سزا سنا دی، وکیل کا دعویٰ

    ایران سے تعلق رکھنے والی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کے وکیل کا کہنا ہے کہ انھیں ایران کی ایک عدالت نے مزید ساڑھے سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    مصطفی نیلی نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں بتایا ہے کہ شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد کی ایک عدالت نے انسانی حقوق کی کارکن کو ’غیر قانونی اجتماع اور ملی بھگت‘ کے جرم میں چھ سال اور ’پروپیگنڈا سرگرمیوں‘ کے لیے ڈیڑھ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    ایرانی حکام کے مطابق نرگس محمدی کو دسمبر میں ایک تقریب میں ’اشتعال انگیز تقریر‘ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ نرگس محمدی کے اہل خانہ نے بتایا کہ گرفتاری کے دوران مار پیٹ کے بعد انھیں ہسپتال لے جایا گیا۔

    53 سالہ نرگس محمدی کو 2023 میں ایران میں خواتین پر ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر نوبل انعام دیا گیا تھا۔

    نرگس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس تازہ ترین سزا کے بعد انھیں کُل 44 سال جیل میں گزارنے کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ محمدی پہلے ہی اپنی زندگی کے 10 سال سے زیادہ عرصہ جیل میں گزار چکی ہیں۔

    وہ 2021 سے ’ریاست کے خلاف پروپیگنڈہ سرگرمی‘ اور ’ریاست کی سلامتی کے خلاف ملی بھگت‘ کے الزام میں 13 سال کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ نرگس خود پر لگے الزامات سے انکار کرتی ہیں۔

    انھیں طبی بنیادوں پر دسمبر 2024 میں تہران کی بدنام زمانہ ایون جیل سے تین ہفتوں کے لیے عارضی رہائی دی گئی تھی۔

  15. ایرانی حکومت کی گذشتہ ماہ مظاہروں میں 100 طلبا کی ہلاکت کی تصدیق

    ایران کے نائب وزیر صحت کا کہنا ہے کہ جنوری میں ایران میں ہونے والے مظاہروں اور بدامنی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں تقریباً 100 طلبا بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ایرانی میڈیکل سسٹم آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ جنوری میں مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 25 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق، مسعود حبیبی نے ایرانی خبر رساں ادارے آئی ایس این اے (ایسنا) کو بتایا ہے کہ مرنے والوں میں مشہد یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے ایک، ایک طالب علم بھی شامل ہیں۔ تاہم انھوں نے دیگر ہلاک ہونے والوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    مسعود حبیبی کا کہنا ہے کہ میڈیکل یونیورسٹیز کے ’تقریباً 8 سے 9 طلبا‘ اس وقت حراست میں ہیں۔

    دوسری جانب ٹیچرز یونینز کی رابطہ کونسل نے 200 طلبا کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے جن کے متعلق ان کا دعویٰ ہے کہ وہ مظاہروں کے دوران مارے گئے ہیں۔

    رواں سال کے آغاز میں ایران میں ہونے والے ملک گیر مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔ تاہم ایرانی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار انسانی حقوق کے گروپوں کی رپورٹ کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔

    ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ نیوز ایجنسی نے یکم فروری تک 6,961 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

    لیکن ایرانی حکومت کا اصرار ہے کہ ان مظاہروں میں کل 3,117 افراد مارے گئے جن کے ناموں کی فہرست انھوں نے شائع کی ہے۔

    ایران میں انٹرنیٹ پر پابندیوں اور معلومات تک براہ راست رسائی کی وجہ سے انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد حکومتی اعدادوشمار سے کئی گنا زیادہ ہو سکتے ہیں۔

    ایرانی میڈیکل سسٹم آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ جنوری میں مظاہروں میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 25 ہزار افراد زخمی ہوئے تھے۔

    ایرانی میڈیکل سسٹم آرگنائزیشن کے سربراہ محمد رضا زادہ نے اعتماد اخبار کو بتایا کہ جنوری میں زخمی ہونے والوں کی مختلف نوعیت کی 13 ہزار سرجرییاں کی گئیں۔

    ان کے مطابق، لوگوں کو سب سے زیادہ آنکھوں میں زخم آئے تھے۔ اس کے علاوہ آرتھوپیڈک، جنرل اور ویسکولر نوعیت کی سرجریاں بھی کی گئی تھیں۔

    یہ پہلا موقع ہے جب کسی حکومتی عہدیدار نے احتجاج میں زخمی ہونے والوں کی تعداد پر تبصرہ کیا ہے۔

  16. انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال، کوئٹہ سے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے 200 کارکن گرفتار

    اتوار کے روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں کے 200 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کارکنوں کو کوئٹہ اور اس کے نواحی علاقوں سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔

    ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خان نے بی بی سی سے گفتگو میں ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔

    تحریک تحفظ آئین پاکستان کی کال پر کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے متعدد شہروں میں اتوار کے روز شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال رہی جس کی وجہ سے شہر میں تمام اہم تجارتی مراکز بند رہے۔

    خیال رہے کہ اتوار کو کوئٹہ شہر میں کاروباری مراکز کھلے رہتے ہیں کیونکہ یہاں کے تاجر جمعے کے روز چھٹی کرتے ہیں۔

    تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل جماعتوں کے کارکنوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کوئٹہ اور دوسرے شہروں کے درمیان بعض شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے علاوہ اہم شاہرایوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی تھیں۔

    ان کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے علاوہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر بڑی تعداد میں گرفتاریاں بھی کی گئیں۔

    گرفتار ہونے والے کارکنوں کا تعلق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور تحریک انصاف سے ہے، تاہم ان میں اکثریت پی کے میپ کے کارکنوں کی ہے۔

    تحریک تحفظ آئین پاکستان کی کال پر کوئٹہ شہر میں ٹریفک معمول سے کم رہی، کوئٹہ اور شمالی علاقوں کے درمیان قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک معطل رہی۔

    دریں اثنا کوئٹہ شہر میں دو پہر دو بجے کے قریب موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کیا گیا تاہم رات کو ساڑھے نو بجے اسے بحال کردیا گیا۔

  17. بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم افراد کا حملہ، ہندو تاجر سمیت تین افراد ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اُردو کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ہندو تاجر سمیت تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

    خضدار پولیس کے ایک اہلکار وہاب بلوچ نے بتایا کہ ان افراد کو خضدار کے علاقے نال میں حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

    اہلکار کے مطابق ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق ضلع خضدار کے علاقے وڈھ سے ہے جو کہ پکنک کی غرض سے نال میں ہڑنبو ڈیم کے علاقے میں گئے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد آئے اور انھوں نے ان افراد پر فائرنگ کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ان میں سے تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس اہلکار کے مطابق مارے جانے والے افراد میں ایک ہندو تاجر بھی شامل ہے جن کی شناخت ملّومل کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسرے دو افراد کی شناخت عبدالرشید اور عبدالصبور کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    وہاب بلوچ کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ان افراد پر حملے کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے اور اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    ان افراد پر حملے کے خلاف وڈھ میں ان کے لواحقین اور دیگر افراد نے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان شاہراہ کو بطور احتجاج بند کردیا۔

  18. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر کے ایک مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ہونے والی ملاقات ایران پر حملے کے بارے میں ہے۔
    • ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ انھوں نے امریکی مذاکراتی وفد پر یہ واضح کر دیا ہے کہ ایران کو ’مذاکراتی عمل میں فوج کی موجودگی‘ قبول نہیں۔
    • روس کے شہر اوفا میں ایک حملے میں چار انڈین طلبہ زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ معلومات روس میں انڈیا کے سفارت خانے نے فراہم کی ہیں۔
    • آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت اور مقامی سطح پر طلب میں کمی کے باعث گذشتہ ہفتے ایک تولہ سونے کی قیمت میں قیمت 25 ہزار روپے تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
  19. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔