آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے نئے سینٹر کا اعلان، حماس کے زیر انتظام علاقے کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے: امریکی حکام

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس منگل کے روز دورے پر اسرائیل پہنچے ہیں جسے رواں ماہ کے آغاز میں طے پانے والے غزہ جنگ بندی معاہدے کو مضبوط بنانے کی ٹرمپ انتظامیہ کی کوششوں کا حصہ کہا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور اُن کے داماد جیرڈ کُشنر پہلے سے ہی اسرائیل میں موجود ہیں۔

خلاصہ

  • دوحہ میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والا معاہدہ خفیہ رہے گا: پاکستانی وزیرِ دفاع
  • مذاکرات افغان طالبان سے ہو رہے ہیں، ٹی ٹی پی سے نہیں: خواجہ آصف
  • اگر مدعو کیا گیا تو ٹرمپ اور پوتن کے درمیان ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے تیار ہوں: یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی
  • پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں افغان مہاجرین کو 18 نومبر تک بے دخل کرنے کا حکم

لائیو کوریج

  1. فرانس کی یورپی یونین کے مشن کو غزہ میں پولیس افسران کو تربیت دینے کی تجویز

    فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول باروٹ کا کہنا ہے کہ وہ پولیس افسران کی تربیت میں مدد کے لیے غزہ میں یورپی یونین کے مشن کی تعیناتی کی تجویز پیش کریں گے۔

    آج صبح لکسمبرگ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں یہ تجویز پیش کروں گا کہ وہ مشن جو اس وقت مغربی کنارے میں تعینات فلسطینی پولیس افسران کی تربیت میں حصہ لے رہا ہے، اسے غزہ میں فلسطینی پولیس افسران کو اصلاحات کی حمایت کے لیے تربیت دینے کے قابل ہونا چاہیے۔‘

    ’ای یو پول کوپس‘ کے نام سے ایک مشن جسے یورپی یونین نے سنہ 2006 میں قائم کیا تھا، مغربی کنارے میں سول پولیس اور قانون کے نفاذ کو بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔

  2. جب ہم باہر نکلتے ہیں تو ہم پر گولیاں برسائی جاتی ہیں، جنگ بندی نام کی کوئی چیز نہیں: غزہ کی شہری ہالہ عبید

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک بے گھر فلسطینی شہری نے بتایا کہ وہ اپنے علاقے میں واپس نہیں جا سکتی ہیں کیونکہ اس وقت وہاں اسرائیلی قابض ہیں۔

    ہالہ عبید کا تعلق غزہ شہر کے شجاعیہ علاقے سے ہے، جو ’پیلی لکیر‘ کے قریب ہے جو اسرائیلی فوج کے زیر انتظام علاقہ ہے۔

    وہ اب اس علاقے کے قریب غزہ شہر میں ایک خیمے میں رہتی ہیں۔

    ہالہ عبید کہتی ہیں کہ ’میں جس جگہ پر ہوں وہ بھی بہت خطرناک ہے، یعنی ہمیں کسی بھی وقت موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ جب میں یا بچے باہر نکلتے ہیں تو ہم پر گولیاں برستی ہیں، کبھی ہمارے پیروں کے نیچے سے اور کبھی ہمارے خیموں کے اوپر سے۔‘

    اسرائیلی فوج نے آج کہا ہے کہ اس نے ان لوگوں پر گولی چلائی جنھوں نے لائن عبور کی اور شجاعیہ میں کام کرنے والے فوجیوں کے لیے ’فوری خطرے‘ کا باعث بنے۔

    ہالہ عبید کا کہنا ہے کہ ’یہ کافی ہے، ہم نے دو سال تک تکلیفیں جھیلیں، ہم آرام کرنا چاہتے ہیں، ہم ذہنی سکون چاہتے ہیں۔ ہمارے لیے یہ کافی ہے کہ ہم بغیر کسی خوف کے ذہنی سکون کے ساتھ سو رہے ہیں، لیکن اب ہم (خوف کے ساتھ) سو رہے ہیں، باوجود اس کے کہ وہ کہتے ہیں کہ جنگ بندی اور ایسا کوئی معاہدہ ہوا ہے، مگر حقیقت میں ایسا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔‘

  3. ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش مل گئی ہے: حماس

    حماس کا کہنا ہے کہ اسے غزہ میں ایک اور یرغمالی کی لاش ملی ہے جسے اسرائیل کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    ٹیلیگرام پر ایک بیان میں اس تنظیم کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے 19 اکتوبر کو وعدہ کیا تھا کہ ’اگر سازگار زمینی صورتحال‘ ہوئی تو لاش اسی دن حوالے کر دیں گے۔

    تاہم ایسا لگتا ہے کہ یہ لاش ابھی تک اسرائیل کے حوالے نہیں کی جا سکی ہے۔

    غزہ میں ہلاک ہونے والے 28 مغویوں میں سے 16 کی واپسی ابھی باقی ہے۔ اس تاخیر کے سبب اسرائیل میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ وہ باقی لاشوں کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

    اپنے تازہ ترین بیان میں حماس کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی قسم کی اسرائیلی کشیدگی تلاش، کھدائی کے عمل اور لاشوں کی بازیابی میں رکاوٹ بنے گی۔‘

  4. ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اسرائیل پہنچ گئے

    خبر رساں ادارے اے ایف پی اور اسرائیلی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔

    توقع ہے کہ یہ دونوں وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ان کے ساتھ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی شریک ہوں گے جو منگل کو اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔

    امریکہ اور اسرائیل کے متعدد ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس منگل کو اسرائیل کا دورہ کریں گے۔

    نیوز نیشن کی رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ اب صدر ٹرمپ کے غزہ میں امن کے لیے 20 نکاتی منصوبے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونا چاہتی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا این 12 اور ٹائمز آف اسرائیل کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

    این 12 نے یہ بھی خبر دی ہے کہ اس دورے میں اس بات کا بھی امکان ہے کہ جے ڈی وینس غزہ کی پٹی میں ایک امدادی مرکز کا دورہ کریں اور یرغمالیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں۔

  5. اسرائیل کا غزہ میں امداد کی ترسیل کے لیے دو کراسنگ دوبارہ کھولنے کا اعلان

    فلسطینی میڈیا اور خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی حکام امدادی ٹرکوں کو غزہ میں واپس جانے کی اجازت دینے کے لیے دو کراسنگ دوبارہ کھولیں گے۔

    یہ کراسنگ پٹی کے انتہائی جنوب مشرق میں کریم شالوم اور وسطی غزہ میں کسوفیم ہیں۔

    اتوار کے روز اسرائیل نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، بعد میں اتوار کو ہی اسرائیل نے کہا کہ امداد کی ترسیل پیر کو دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

    اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی انروا کے ایک اہلکار نے غزہ کے لیے امداد کی فراہمی کی بحالی کا خیرمقدم کیا ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ ’بیوروکریٹک رکاوٹیں‘ اب بھی اہم سامان کی ترسیل میں رکاوٹ ہیں۔

    غزہ میں انروا افیئرز کے قائم مقام ڈائریکٹر سیم روز نے بی بی سی نیوز چینل کو بتایا کہ اگرچہ یہ ایک ’ریلیف‘ ہے کہ کراسنگ دوبارہ کھول دی گئی ہے، لیکن امداد کا حجم اب بھی ’ضرورت سے بہت کم‘ ہے۔

    سیم روز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے فراہم کی جانے والی اشیا کی ترسیل پر بھی ابھی معاملات حل نہیں ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’لوگوں کو زندگی گزارنے کے لیے درکار بہت بنیادی اشیا‘ کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے اور عارضی رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے بھی اشیا کی ترسیل کی ضرورت ہے۔

    ان کے مطابق ’یہ صرف اشیا کی اقسام ہی نہیں بلکہ مخصوص تنظیموں کو ترسیل کی بھی اجازت ھبی ایک مسئلہ ہے۔‘

    سیم روز کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی این جی اوز بشمول بہت سی برطانوی این جی اوز کو فی الحال یہ سامان لانے کی اجازت نہیں ہے۔‘

  6. ایمیزون ویب سروسز کی بندش، متعدد ایپلیکیشنز اور ویب سائٹس متاثر

    ایمیزون ویب سروسز میں تعطل کے باعث دنیا بھر میں متعدد ایپلیکیشنز بشمول سنیپ چیٹ، زوم، ڈیو لینگو، رو بلاکس، کینوا، فورٹ نائٹ کی سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

    ایمیزون کا کہنا ہے کہ اس کی کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروس کو بندش کا سامنا ہے جس کے باعث متعدد ویب سائٹس اور ایپس میں خلل پڑ رہا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے انجینئرز اس مسئلے کو کم کرنے اور اس کی بنیادی وجہ کو پوری طرح سے سمجھنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

    ایمیزون ویب سروسز کیا ہیں؟

    ایمیزون ویب سروسز (اے ڈبلیو ایس) ایمیزون کا کلاؤڈ کمپیوٹنگ ڈویژن ہے جو لاکھوں بڑی کمپنیوں کی ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز کو ہوسٹنگ فراہم کرتا ہے۔

    آپ کے سمارٹ فون میں موجود بہت سی ایپس دراصل اے ڈبلیو ایس ڈیٹا سینٹرز پر چلتی ہیں جن میں بینکوں کے ایپس بھی شامل ہیں۔

    اے ڈبلیو ایس کے تعطل کی وجہ سے جو ایپلیکشنز اور ویب سائٹس متاثر ہوئی ہیں ان میں سے کچھ کے نام مندرجہ ذیل ہیں:

    • سنیپ چیٹ
    • زوم
    • رو بلاکس
    • ڈیو لینگو
    • کینوا
    • فورٹ نائٹ
    • سگنل
    • پلے سٹیشن نیٹورک
    • کوائن بیس
    • سلیک

    اس کے علاوہ سینکڑوں دیگر ایپس اور ویب سائٹس بھی متاثر ہوئی ہیں۔

  7. پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے مخلتف شہروں میں ٹماٹر کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں ٹماٹر کی قیمت 500 روپے سے 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

    کراچی سبزی منڈی اور اسلام آباد سبزی منڈی میں کام کرنے والے تاجروں کے مطابق، گذشتہ رات کراچی میں ہول سیل میں ٹماٹر کی قیمت 550 روپے فی کلو تھی دوسری جانب اسلام آباد سبزی منڈی میں گزشتہ رات ٹماٹر کی قیمت 500 روپے فی کلو تھی۔

    کراچی اور اسلام آباد میں ٹماٹر کی ریٹیل قیمت 600 سے 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

    سبزیوں اور پھلوں کے تاجروں کے مطابق ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں افغانستان اور ایران سے ٹماٹر کی سپلائی میں رکاوٹ، ملک میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ٹماٹر کی فصل کو پہنچنے والے نقصانات کے علاوہ بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل کا کم کاشت ہونا بھی شامل ہے۔

    پاکستان کے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ ہفتے کے اختتام تک ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں میں ٹماٹر کی قیمت 350 روپے سے لے کر 450 روپے فی کلو تک رہی تاہم تاجروں کے مطابق ریٹیل قیمت 500 روپے فی کلو سے اوپر چلی گئی تھی۔

    تاجروں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے دوسری سبزیوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور فی الحال ان کی قیمت میں کمی مشکل ہے۔

    کراچی ہول سیل فریش فروٹس مرچنٹس ایسوی ایشن کے چیئرمین زاہد اعوان نے بی بی سی کو بتایا کہ کراچی میں افغانستان سے ٹماٹر کی سپلائی کافی تعداد میں ہو رہی تھی جو چمن بارڈر کے ذریعے کراچی آتی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ دراصل میں یہ ایرانی ٹماٹر ہوتے ہیں جنھیں افغانستان کے تاجر چمن بارڈر سے پاکستان برآمد کرتے ہیں۔

    زاہد اعوان نے بتایا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بعد سے چمن بارڈر سے ان کی سپلائی رکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ افغانستان سے سیب، انار اور انگور بھی پاکستان درآمد ہوتا ہے اور اس وقت سیب اور انار کی قیمت بھی بہت زیادہ ہو گئی ہے۔

    زاہد اعوان کا کہنا ہے کہ عام طور پر سال کے ان دنوں میں سندھ کی فصل بھی مارکیٹ میں آ جاتی تھی تاہم بارشوں کی وجہ سے یہ فیصل خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے یہ سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

    اسلام آباد سبزی منڈی کے تاجر رضوان فاروق نے بی بی سی کو بتایا کہ مسئلہ اُس وقت پیدا ہوا جب سوات میں سیلاب کی وجہ سے ٹماٹر کی فصل خراب ہوئی اور دوسری جانب سندھ کی فصل بھی بارشوں سے متاثر ہوئی۔

    انھوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ بلوچستان کی فصل بھی کراچی پہنچ جاتی تھی تاہم اس سال بلوچستان کے کسانوں نے زیادہ لاگت کے باعث ٹماٹر کی فصل کم کاشت کی جس کا اثر سپلائی پر ہو رہا ہے اور ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی قیمت میں اضافہ ہوا اور یہ اضافہ اگلے چند ہفتوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

  8. انڈین افواج کی ہم آہنگی نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان کو بہت جلد ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا: نریندر مودی کا دعویٰ

    انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو گوا اور کاروا کے ساحل پر لنگر انداز طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرانت پر مسلح افواج کے جوانوں کی موجودگی میں دیوالی منائی۔

    اس موقعے پر وزیرِ اعظم ایم مودی نے کہا کہ فوج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان قریبی تال میل نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان کو بہت جلد ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا۔

    انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق اپنے خطاب کے دوران نریندر مودی نے آئی این ایس وکرانت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ بردار بحری جہاز وکرانت کے نام ہی نے 'پاکستان کی راتوں کی نیند اڑا دی تھی۔'

    وزیرِ اعظم مودی نے مسلح افواج کو سلامی بھی دی اور ان کے ساتھ دیوالی منانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ’آج، ایک طرف میرے پاس لامحدود افق، لامحدود آسمان ہے، اور دوسری طرف میرے پاس یہ بڑا دیو ہیکل جہاز آئی این ایس وکرانت ہے جو لامحدود طاقتوں کا مجسمہ ہے۔ سمندر کے پانیوں پر سورج کی کرنوں کی چمک دیوالی کے چراغوں کی مانند ہے جو بہادر سپاہیوں کی طرف سے جلائی جاتی ہے۔‘

    انڈین وزیرِ اعظم نے کہا کہ فوج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان قریبی تال میل نے آپریشن سندور کے دوران پاکستان کو بہت تیزی سے 'گھٹنے ٹیکنے' پر مجبور کر دیا۔

    انھوں نے کہا کہ ’جب دشمن آپ کے سامنے ہوتا ہے، جب جنگ کا خطرہ ہوتا ہے، جس کے پاس اپنے دم پر لڑنے کی طاقت ہوتی ہے، اس کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہتا ہے۔‘

    انھوں نے فورسز کو بھی اپنا خاندان بتایا، اور کہا کہ دیوالی ہمیشہ خاندان کے افراد کے ساتھ منائی جانی چاہیے۔

    خیال رہے انڈیا نے کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر ہونے والے حملے میں 26 شہریوں کی ہلاکت کے بعد 7 مئی کو آپریشن سندور شروع کیا تھا۔ اس کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مبینہ دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے اور دہشت گردوں کو ختم کرنے کے مقصد سے کارروائی کی جس نے بعد میں ایک مکمل فوجی تنازع کی صورت اختیار کر لی۔

    پاکستان نے انڈیا کے متعدد لڑاکا طیارے مار گرانے کا دعوی کیا اس کے بعد انڈیا نے بھی پاکستان کے جہاز مار گرانے کا دعوی کیا لیکن بقول امریکی صدر ٹرمپ کے ان کی مصالحت سے دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔ پاکستان نے ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا ہے لیکن انڈیا نے کسی بھی بین الاقوامی ثالثی سے ابھی تک انکار کیا ہے۔

  9. ’غزہ کی تعمیرِ نو پر تقریباً 50 ارب ڈالرز لاگت آئے گی‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ سٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ غزہ کی تعمیرِ نو پر تقریباً 50 ارب ڈالرز لاگت آئے گی۔

    بی بی سی کے امریکہ میں نشریاتی پارٹنر سی بی ایس نیوز سے بات کرتے ہوئے وٹکوف کا کہنا تھا کہ شاید تعمیر نو میں اس سے کچھ کم لاگت آئے یا ہو سکتا ہے کہ اس سے تھوڑی زیادہ بھی آ جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس خطے کے حساب سے یہ کوئی زیادہ رقم نہیں ہے۔

    سٹیو وٹکوف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر، جنھوں نے غزہ جنگ معاہدے میں اہم کردار ادا کیا تھا، آج اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔ وہاں ان کی اسرائیلی وزیرِ اعظم بنامین نیتن یاہو سے ملاقات متوقع ہے۔

    دوسری جانب حماس کے چیف مذاکراتکار خلیل الحیا قاہرہ میں مصری ثالثوں سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے کے متعلق بات چیت ہو گی۔

    یاد رہے کہ یہ ملاقاتیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب غزہ تازہ اسرائیلی حملے میں 44 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

  10. اسرائیلی حملوں کے باوجود حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اب بھی قائم ہے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ میں تازہ اسرائیلی حملوں کے باوجود حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اب بھی قائم ہے۔

    اتوار کے روز غزہ میں جنگ بندی کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی طیارے ایئر فورس ون پر موجود صحافیوں کو بتایا کہ جنگ بندی اب بھی قائم ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ حماس کی قیادت اس جنگ بندی کی خلاف ورزی میں ملوث نہیں بلکہ یہ اس تحریک میں شامل کسی باغی گروہ کا کام ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ حماس کے ساتھ تمام معاملات بہت پرامن رہے۔

    بعد ازاں اسرائیلی فوج کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس نے ایک بار پھر ’جنگ بندی کی تجدید کا عمل شروع کر دیا ہے،‘ اور وہ معاہدے کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے لیکن ’اس کی کسی بھی خلاف ورزی کا سختی سے جواب دے گا۔‘

    اس سے سے قبل اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ رفح میں شدت پسندوں نے اس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور ٹینک شک میزائل داغا تھا جس کے نتیجے میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد ’دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والی سرنگوں اور فوجی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے علاقے پر حملے شروع کیے گئے تھے۔‘

    دوسری جانب غزہ کے ہسپتال ذرائع کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے حملوں میں 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  11. پولیس کے اسلام آباد میں مخلتف مقامات پر چھاپے، 50 کے قریب افغان باشندے زیرِ حراست

    اسلام آباد پولیس نے شہر میں مخلتف مقامات پر چھاپے کے دوران 50 کے قریب افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ افغان باشندے کافی عرصے سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

    ان افغان باشندوں کو بری امام مزار کے نزدیک واقع آبادی کے علاوہ اسلام آباد کی سبزی منڈی سے گرفتار کیا گیا ہے.

    پولیس کا کہنا ہے کہ بری امام کے علاقے میں چھاپے کے دوران انھیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم پولیس نے مزاحمت کرنے والے افراد کو قابو کر کے انھیں متعلقہ تھانے منتقل کر دیا ہے۔

    اسلام آباد کی سبزی منڈی میں تعینات مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں چھاپے کے دوران پچیس کے قریب ایسے افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن کے پاس پاکستان میں قیام کے متعلق کوئی دستاویزی ثبوت نہیں تھے۔

    انھوں نے کہا کہ زیر حراست افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے بعد انھیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

    اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، پہلے ان کا کریمینل ریکارڈ چیک کیا جائے گا اور پھر اس کے بعد انھیں ڈی پورٹ کرنے کے حوالے سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی کے تمام دروازوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں جو ایسے غیر ملکیوں کو گرفتار کر رہے ہیں جن کے پاس قانونی دستاویزات نہیں۔

    سبزی منڈی تاجر یونین کے صدر اشفاق عباسی کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں اسی فیصد مزدور افغان باشندے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پولیس صرف ان افراد کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل افغان باشندوں کی وطن واپسی کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے افغان پناہ گزین اور دستاویزات نہ رکھنے والے افغان باشندوں کو ہر حال میں ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔

  12. ہانگ کانگ میں کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا، دو افراد ہلاک

    ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر ایک کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا۔

    ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے سے باہر نکل کر ساتھ ہی نصب حفاظتی باڑ سے جا ٹکرایا۔ اس دوران وہاں گشت پر مامور سکیورٹی کی ایک کار اس کی زد میں آ گئی۔

    طیارے کی ٹکر سے گشت پر مامور گاڑی سمندر میں جا گری اور اس پر سوار ایئر پورٹ سکیورٹی کے دو اہلکار، جن کی عمریں 30 اور 41 سال تھیں، ہلاک ہو گئے۔

    حادثے کے دوران طیارہ دو حصوں میں ٹوٹ گیا اور اس کے عملے کے چار ارکان دروازہ توڑ کر باہر نکلے۔

    حکام کے مطابق، لینڈنگ کے وقت طیارے کی جانب سے کسی قسم کا ڈسٹریس سگنل نہیں دیا گیا تھا۔ تفتیش کار اب سمندر سے طیارے کے بلیک باکسز کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    حادثے کے وقت رن وے آپریشن کے لیے بالکل محفوظ حالت میں تھا۔ شمالی رن وے کو بند کر دیا گیا ہے اور اسے حفاظتی جائزہ کے بعد ہی دوبارہ کھولا جائے گا۔

  13. غزہ پر فضائی حملوں کے بعد اسرائیل کا ایک بار پھر جنگ بندی پر عمل درآمد کا اعلان

    اتوار کے روز غزہ پر فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ان حملوں میں 44 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ فضائی حملے حماس کی جانب سے جنگ بندی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے جواب میں کیے گئے تھے۔

    فضائی حملوں سے قبل اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ رفح میں شدت پسندوں نے اس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور ٹینک شک میزائل داغا تھا جس کے نتیجے میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

    دوسری جانب حماس کا کہنا تھا کہ اسے اسرائیل کے زیرِ کنٹرول علاقے میں ہونے والے کسی تصادم کی اطلاعات نہیں۔

    مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کے بعد، اسرائیلی فوج اعلان کیا کہ اس نے ایک بار پھر ’جنگ بندی کی تجدید کا عمل شروع کر دیا ہے،‘ اور وہ معاہدے کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے لیکن ’اس کی کسی بھی خلاف ورزی کا سختی سے جواب دے گا۔‘

    تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل پر عائد کی گئی پابندی اٹھالی گئی ہے یا نہیں۔

    اس سے قبل اتوار کے روز، اسرائیلی فوج نے دعوی کیا تھا کہ ’دہشت گردوں نے جنوبی غزہ میں رفح کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے لیے کام کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر ٹینک شکن میزائل داغا اور گولی چلائی۔‘

    ’اس کے جواب میں، اسرائیلی فوج نے خطرے کو ختم کرنے اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والی سرنگوں اور فوجی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے علاقے پر حملے شروع کر دیے۔‘

    دوسری جانب، حماس کے عسکری ونگ نے رفح کے علاقے میں کسی بھی جھڑپ کے بارے میں لاعلمی اظہار کیا تھا۔

    القسام بریگیڈز کا کہنا تھا کہ رواں سال مارچ میں جنگ کے دوبارہ آغاز کے بعد سے ان کا اپنے باقی گروپوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہے۔ ’لہذا، ان علاقوں میں ہونے والے کسی بھی واقعے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، اور ہم وہاں اپنے کسی جنگجو کے ساتھ بات چیت نہیں کر سکتے، اگر ان میں سے کوئی زندہ بھی ہے۔‘

    یورپی ہسپتال کے جنوب میں رہنے والے رہائشیوں نے بتایا کہ فضائی حملے کے علاوہ توپ خانے سے بھی گولہ باری کی گئی۔ رہائشیوں نے مشرقی خان یونس میں بھی کم از کم 12 فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے۔

  14. بلوچستان اسمبلی کے رکن رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح حملے میں ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بلوچستان اسمبلی کے رکن اورنیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ ہلاک ہوگئے۔

    رکن بلوچستان اسمبلی کے چھوٹے بھائی ولید بلوچ پرحملے کا واقعہ ضلع پنجگور کے ہیڈکوارٹر پنجگورشہرمیں پیش آیا۔

    پنجگورپولیس کے ایک اہلکار شہزاد بلوچ نے بتایا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ولید صالح بلوچ کو ان کے گھر کے قریب حملے کا نشانہ بنایا جس میں وہ مارے گئےـ

    پنجگور انتظامیہ کے ایک سینیئر آفیسر نے نام ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ولیدصالح اپنی گاڑی میں بازار سے گھر جارہے تھے کہ گھر کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چارمسلح افراد نے ان پر حملہ کیا جس میں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

    اس سے قبل رکن بلوچستان اسمبلی رحمت بلوچ کے گھر پر بھی دستی بموں سے حملے ہوتے رہے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

    ضلع کچھی میں لیویز فورس کا تھانے نذر آتش

    ایک اورعلیحدہ واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کچھی کے علاقے حاجی شہر میں لیویز فورس کے ایک تھانے پرحملہ کرکے اسے نذر آتش کیا۔

    کچھی میں پولیس ایک سینیئراہلکارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پراس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تھانے پر حملے کے بعد اس کے اہلکاروں کویرغمال بنا کرمسلح افرادان سے اسلحہ لے گئے۔

    ایسی اطلاعات ہیں کہ مسلح افراد نے حاجی شہرمیں ناکہ بندی بھی کی تاہم ضلع کچھی میں انتظامیہ کے ایک سینیئراہلکارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسلح افراد زیادہ دیرنہیں ٹہرے۔

    انھوں نے بتایا کہ وہ بیس منٹ کے قریب وہاں رہے جس کے دوران انھوں لیویز فورس کے تھانے کو نذر آتش کرنے کے علاوہ لیویز فورس کے اہلکاروں سے اسلحہ لے کر نامعلوم مقام کی جانب چلے گئے۔

    نیشنل پارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان

    نیشنل پارٹی نے پارٹی کے رہنما رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

    پارٹی کے ایک اعلامیہ کے مطابق ولید صالح بلوچ کی شادی کی تقریبات جاری تھیں مگر اس کے قتل کے واقعے نے خوشیوں کے گھر کوماتم میں بدل دیا۔

    نیشنل پارٹی نے ولید صالح بلوچ کے قتل امن، عدم تشدد اور سیاسی اقدار کے علمبردار خاندان پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔

    نیشنل پارٹی کے اعلامیہ میں الزام لگایا گیا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امن دشمن عناصر بلوچستان میں ترقی اور استحکام کے مخالف ہیں۔

  15. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اسرائیل کے مقامی میڈیا کے مطابق، اتوار کے روز غزہ کے وسطی قصبے الزویدہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے القسام بریگیڈ کے جبالیہ بٹالین کی ایلیٹ یونٹ کے کمانڈر یحییٰ المبوح سمیت چھ ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔
    • امریکی محکمہ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’مصدقہ رپورٹس‘ کے مطابق حماس بہت جلد غزہ میں شہریوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔
    • قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے فوری طور پر جنگ بند کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
    • نیو یارک، واشنگٹن ڈی سی، شکاگو، میامی اور لاس اینجلس سمیت امریکہ کے شہروں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف ’نو کنگز‘ کے عنوان سے مظاہرے کیے گئے جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔
  16. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔