آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات: عمران خان نے مطالبات تحریری طور پر دینے کی اجازت دے دی، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مذاکرات کسی ڈیل کے لیے نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات میں پیش کیے گئے مطالبات میں عمران خان سمیت تمام رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی اور نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام شامل ہے۔

خلاصہ

  • سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت، آئینی عدالت نے سزا یافتہ قیدیوں کی نقل و حرکت کی رپورٹ طلب کر لی
  • لاس اینجلس میں جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث 30 ہزار افراد کو فوری انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔
  • خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے تین مختلف آپریشنز کے دوران 19 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ان کارروائیوں کے دوران تین فوجی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
  • عمران خان تک رسائی نہیں دی جاتی تو مذاکرات کی تیسری نشست کی ضرورت نہیں: شیخ وقاص اکرم
  • کوئٹہ میں مسلح افراد کے حملے میں ایک راہگیر بچہ ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
  • چین کے زیرِ انتظام تبت میں منگل کے روز آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 126 ہو گئی ہے جبکہ 190 کے قریب افراد زخمی ہیں۔

لائیو کوریج

  1. گزشتہ روز کی چند اہم خبریں

    گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ایک نظر:

    • ضلع کُرم میں حالات کو معمول پرلانے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے کرم میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو حکومت کے حوالے نہ کیا گیا تو وقوعہ کے مقام پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ کرم میں سخت کشیدہ حالات کے تناظر میں کوہاٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد جاری سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وقوعہ کے مقام پر سخت کاروائی کے لیے آپریشن کی ضرورت پڑنے پر مقامی آبادی کو عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا جبکہ کرم میں دفعہ 144 نافذ ہوگی اور قافلوں کی آمدورفت کے دوران سڑکوں پر کرفیو ہوگا۔
    • صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سنیچر کے روز ڈپٹی کمشنر پر کیے جانے والے حملے کا مقدمہ پانچ افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔ پولیس کی مدعیت میں درج مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی کرم بمعہ اپنے گارڈز، ڈرائیور، ایف سی نفری کے ہمراہ کانوائے کے انتظامات چیک کرنے صدہ سے بگن کی طرف جارہے تھے۔ جس وقت وہ انتظار گاہ بگن، جو کہ تھانہ اخمدی شمع سے تقریبا 12 کلو میٹرمغرب پر واقع ہے، پر پہنچے تو اس وقت ان کی گاڑیوں پر 25 کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے قتل کے ارادہ سے اندھا دھند فائرنگ کی۔
    • مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم میں شرپسندوں نے فائرنگ کر کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔ سکیورٹی کے پیش نظر چند مقامات پر کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ شر پسندی دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔
    • گلگت بلتستان کے سیاحتی مقام ہنزہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شاہراہ قراقرم پر تین روز سے جاری دھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ سیاح متبادل راستوں پر سفر کرنے پر مجبور۔
  2. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    پاکستان اور دنیا بھر کی اہم خبروں کے لیے بی بی سی اردو کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔

    گزشتہ روز کی خبروں کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔