آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

غزہ میں سمندر کنارے واقع کیفے پر اسرائیلی حملے میں 20 فلسطینی ہلاک: ریسکیو کارکنان، عینی شاہدین

مقامی کارکنان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں وہ لمحہ بھی دیکھا جا سکتا ہے جب اطلاعات کے مطابق ایک اسرائیلی طیارے نے اس علاقے پر میزائل فائر کیا۔ دھماکے کے بعد منظرِ عام پر آنے والی ویڈیوز میں زمین پر لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

خلاصہ

  • امریکہ اگر مذاکرات کا دوبارہ آغاز چاہتا ہے تو اسے ایران پر مزید حملوں کے امکان کو مسترد کرنا ہو گا: نائب ایرانی وزیر خارجہ
  • پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 50 سے زیادہ ہلاکتیں، آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
  • امریکی ریاست ایڈاہو میں آگ بجھانے میں مصروف فائر فائٹرز پر فائرنگ، دو افراد ہلاک
  • صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے میرعلی میں ہوئے خودکش حملے میں سکیورٹی فورسز کے 13 اہلکار ہلاک جبکہ 14 شدت پسند مارے گئے: آئی ایس پی آر
  • ایران کی جوہری تنصیبات مکمل تباہ نہیں ہوئیں، تہران چند ماہ میں دوبارہ یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے: سربراہ آئی اے ای اے

لائیو کوریج

  1. انڈیا نے میر علی خود کش حملے میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کر دیا

    انڈیا کی وزارت خارجہ نے پاکستانی فوج کی جانب سے انڈیا کے جنوبی وزیرستان میں ہونے والے خودکش حملے میں ملوث کے الزام کے جواب میں کہا ہے کہ ’ہم نے پاکستانی فوج کا سرکاری بیان دیکھا ہے، جس میں 28 جون کو وزیرستان میں ہونے والے حملے کا ذمہ دار انڈیا کو ٹھہرایا گیا ہے۔‘

    انڈیا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘

    پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سنیچر کے روز صوبہ خیبرپختونخوا میں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شدت پسندوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے 13 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 14 شدت پسند مارے گئے۔

    حملے کے بعد آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ حملہ انڈیا کے سپانسرڈ شدت پسندوں نے کیا ہے۔

  2. میر علی خودکش حملے میں 13 اہلکار ہلاک، کلیئرنس آپریشن میں 14 شدت پسند بھی مارے گئے: آئی ایس پی آر

    پاکسان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شدت پسندوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے 13 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، میر علی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے کی کوشش کی گئی اور حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سے فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق، قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنایا تاہم بارود سے لیس گاڑی کے سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس واقعے میں تین عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ انڈیا کے سپانسرڈ دہشتگردوں نے کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کا پیچھا کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 14 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

  3. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو خواتین اور دو بچیاں شامل ہیں۔
    • نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ کے جنوبی علاقوں سجاول، ٹھٹہ، بدین، کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص اور پنجاب میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
    • جمعے کے روز سوات میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد کی ہلاکت کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے مبینہ غفلت پر ڈپٹی کمشنر سمیت چھ افسران کو معطل کر دیا ہے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے کہ ان کی انتظامیہ سویلین جوہری پروگرام بنانے کے لیے ایران کو 30 ارب ڈالر تک کی مالی امداد فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
    • سنیچر کے روز اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔
  4. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔