آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

میں اور نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی دھمکی کو ایک ہی نگاہ سے دیکھتے ہیں: بنیامن نتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ اور ڈونلڈ ٹرمپ ’ایرانی دھمکی ‘ اور ’اس سے پیدا ہونے والے خطرے‘ کو یکساں اہمیت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں نے ’گزشتہ چند دنوں میں‘ تین بار بات چیت کی ہے۔

خلاصہ

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نومبر یعنی رواں ماہ احتجاج کی کال دیں گے
  • صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں آج صبح ریلوے سٹیشن پر ہونے والے ایک دھماکے میں حملہ آور سمیت 25 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوئے ہیں
  • امریکی حکومت نے ایک افغان شہری پر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے سے قبل ان کے قتل کی مبینہ ایرانی سازش تیار کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں
  • پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کچے کے علاقے میں رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں لُنڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لُنڈ ہلاک ہو گیا ہے

لائیو کوریج

  1. پاکستان کے سات شہر ماحولیاتی آلودگی میں سب سے آگے، ملتان سرِ فہرست ، پارکس اور تفریح گاہیں 10 دن کے لیے بند

    پاکستان میں جنوبی پنجاب کا شہر ملتان ایئر کوالٹی انڈیکس میں 2135 سکور سے فضائی آلودگی میں سر فہرست آ گیا ہے۔

    پاکستان کے دوسرے نمایاں شہروں میں 676 سکور سے لاہور دوسرے ، 290 سکور سے پشاور تیسرے، 245 سکور سے اسلام آباد چوتھے نمبر پر ہے۔

    خیبرپختون خوا کا شہر ہری پور 219 سکور سے پانچویں، 192 سکور سے راولپنڈی چھٹے اور 106 سکور سے کراچی ساتویں نمبر پر ہے۔

    ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کے اردگرد ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ملتان کے قریب 7 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

    آئندہ ہفتے سموگ کی صورت مزید خراب ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    حکومتِ پنجاب نے سموگ کی شدت بڑھنے پر پارکس، تفریح گاہیں، عجائب گھر 10 دن کے لیے بند کر دیے ہیں۔

    پابندی 8 نومبر سے 17 نومبر تک لاگو رہے گی، خلاف ورزی پر ماحولیاتی قانون کے تحت گرفتاری، جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

    حکومت نے عوام سے کہا ہے کہ ’گھروں سے نہ نکلیں، بچوں کو بھی گھر سے نہ نکلنے دیں، سکول نہ جانے کا مطلب پکنک نہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔‘

    لاہور شہر میں پانی کا مسلسل چھڑکاؤ بھی جاری ہے اور شہریوں سے شپیل کی گئی ہے کہ پابندی سے ماسک پہننیں۔

  2. عمران خان کِس سے ملنا چاہتے ہیں ان کی مرضی سے آئندہ منگل کو ملاقات کروائیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ منگل کو پی ٹی آئی رہنماؤں اور ان کے خاندان سے عمران خان کی ملاقات کروائی جائے۔

    عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی۔

    جمعرات کو ملاقات نہ کرانے پر جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ کوآرڈینیٹرز نے کوئی لسٹ نہیں دی تھی۔ تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید نے عدالت کو بتایا کہ لسٹ دی تھی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ’بانی پی ٹی آئی کس سے ملنا چاہتے ہیں خود لسٹ بنا کر دیں گے۔ سپریڈنٹ اڈیالہ جیل وہ لسٹ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد اور پی ٹی آئی سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کو بھیجیں گے۔ ‘

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ ’آئندہ سے اسی لسٹ کے مطابق منگل اور جمعرات کو بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبران وکلا و دیگر سے ملاقات ہو گی۔‘

    عمران خان کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے اس سے پہلے عدالت کو بتایا تھا کہ ’گذشتہ روز میٹنگ کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھی جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں۔ اسد قیصر ، شبلی فراز ان کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔ ‘

    ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ ’ہم نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے۔ میں نے اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹرز ہیں۔ ہمیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ چھ لوگ ملنا چاہتے ہیں۔‘

    تاہم فیصل فرید چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا ’ہم نے لسٹ دی تھی۔‘

    عدالت نے کہا ’آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے ؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔‘

    سپریڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ ’ان کی ملاقات منگل اور جمعرات کے دن طے ہے۔ ان دنوں کے علاوہ ہمیں ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے سکیورٹی کے انتظامات کرنے ہوتے ہیں۔

  3. بریکنگ, سموگ: لاہور ہائی کورٹ کا بازار رات آٹھ بجے بند کرنے، اتوار کے دن چھٹی، ورک فرام ہوم پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم

    لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بازار رات آٹھ بجے بند کیے جائیں جبکہ اتوار کے دن مارکیٹس بند رکھی جائیں گی۔

    عدالت نے مزید حکم دیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے موٹر وے اور رنگ روڑ پر داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔

    جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ٹرک اور ٹرالر کی شہر میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ’ٹرک اور ٹرالر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں۔‘

    مقامی صحافی ارشد علی کے مطابق عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ڈولفن پولیس اور پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے تعینات کیے جائیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ’ہر سماعت پر حکومت کو سموگ کنٹرول کے لیے اقدامات کا کہتے رہے عدالت اصل آلودگی کا باعث ہیوی ٹریفک کا دھواں چھوڑنا ہے۔ اگر لاری اور بسوں کو نوٹس دیے ہیں تو ابھی تک بند کیوں نہیں ہوئیں۔‘

    عدالت کا کہنا تھا کہ ’دھواں چھوڑنے والی بسوں کو 50، 50 ہزار جرمانہ کریں تو کیسے ٹھیک نہیں ہوں گے۔ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی سڑک پر گاڑی کیسے جاسکتی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کو اقدامات کرنے چاہیے تھے۔‘

    ’ہم حکومت کی مدد کے لیے یہ اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومت شاید عدالتی احکامات کو اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہی۔

    لاہور ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ ورک فرام ہوم کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کروانا ہوگا اور عدالتی حکم پر عمل درآمد کروانا حکومت وقت اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

  4. ’ڈونلڈ ٹرمپ ایک بہادر آدمی ہیں‘: ولادیمیر کی پوتن کی امریکی نو منتخب صدر کو مبارکباد

    روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخاب جیتنے پر مبادرکباد پیش کی ہے اور انھیں ایک بہادر شخص قرار دیا۔

    روس میں ایک تقریب کے دربان خطاب میں انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں اپنے پہلے دور کے دوران ہر جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

    پوتن نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کے یوکرین میں جنگ کے خاتمے میں مدد کر نے کے دعوے کو کم از کم توجہ ضرور دینی چاہیے۔

    اپنی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا کہا تھا کہ وہ ’ایک دن میں‘ جنگ ختم کر سکتے ہیں لیکن انھوں نے کبھی اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔

    اسی بارے میں پڑھیے

    پوتن کے خطاب کے دوران جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور اس میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا انھوں نے جولائی میں ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس نے ان کا ایک تاثر بنایا۔

    پوتن کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں انھوں نے ایک مرد کی طرح انتہائی درست انداز میں، جرات مندانہ انداز میں برتاؤ کیا۔‘

    یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں پوتن نے جواب دیا کہ ’ہم تیار ہیں، ہم تیار ہیں۔‘

    ٹرمپ نے جمعرات کے روز ہی کہا تھا کہ وہ پوتن سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    انھوں نے این بی سی نیوز کو بتایا ’میرے خیال میں ہم بات کریں گے۔‘

    کریملن پر 2016 کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کیا گیا تھا تاکہ ہیلری کلنٹن کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کو تقویت دی جا سکے۔ امریکہ کے خصوصی مشیر رابرٹ مولر نے 2016 میں ٹرمپ کی انتخابی مہم اور روس کے درمیان گٹھ جوڑ کے الزامات کی تحقیقات کی تھیں لیکن تین سال بعد ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

  5. کینیڈا کے 10 سالہ ملٹیپل انٹری ویزے میں تبدیلی، ویزے کی مدت کا تعیّن اب امیگریشن افسر کرے گا

    بین الاقوامی طلبا کے لیے کینیڈا میں سٹڈی پرمٹ اور عارضی کارکنوں کی تعداد کو محدود کرنے کے بعد، کینیڈا نے اب ایک ہی ویزے پر متعدد بار داخلے کے قوانین کو تبدیل کر دیا ہے۔

    کینیڈا امیگریشن کی آفیشل ویب سائٹ پر نئے اصولوں کے مطابق کینیڈا نے کہا ہے کہ پہلے جاری کردہ ملٹیپل انٹری ویزا دستاویز اب کینیڈا میں داخلے کے لیے معیار نہیں رہے گا۔

    یہ امیگریشن افسر پر منحصر ہے کہ آیا ایک یا ایک سے زیادہ داخلے کی اجازت دی جائے۔

    اس کے علاوہ افسر اپنی صوابدید پر میعاد کی مدت کے بارے میں بھی فیصلہ کر سکتا ہے۔

    ملٹی پل انٹری ویزا کے تحت کوئی بھی شخص جس کے پاس مجاز ویزا ہے وہ اس کی مدت کے دوران جتنی بار چاہے کسی بھی ملک سے کینیڈا میں داخل ہو سکتا ہے۔

    اب متعلقہ اتھارٹی سنگل یا ایک سے زیادہ انٹری ویزا جاری کرنے کا صوابدیدی فیصلہ لے سکتی ہے۔

    لیکن اس فیصلے سے قبل کچھ باتوں کا خیال رکھا جائے گا کہ کیا درخواست دہندہ کسی ایک ایسی تقریب میں شرکت کے لیے آ رہا ہے جو ایک بار ہی ہونی ہے جیسے کہ کانفرنس، تربیتی سیشن یا گھومنے پھرنے، یا باقاعدگی سے کینیڈا آ رہا ہو، جیسے قریبی خاندان کے افراد سے ملنے کے لیے۔

    کیا وہ طالب علم یا کارکن ہیں جو مختصر مدت کے لیے لا رہے ہیں اور انھیں اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے؟ کیا ہر بار جب وہ سفر کرتے ہیں تو کیا انھیں والدین کی منظوری کی ضرورت ہوتی ہے۔

    اگر کوئی ہمدردی کے مقاصد کے لیے آ رہا ہے، جیسے خاندان کے کسی ایسے فرد کی دیکھ بھال کرنا جو شدید بیمار ہو یا مر رہا ہو۔

    مالی انتظام اور طبی معلومات

    اس میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا درخواست دہندہ کے پاس فنڈز کا ایک مستحکم، باقاعدہ ذریعہ ہے جیسا کہ روزگار جو کینیڈا میں کئی چکر لگانے کے لیے کافی ہے۔

    اگر کینیڈا میں میزبان (خاندان یا دوست) مہمان کے اخراجات کو پورا کرے گا، تو رشتہ داری کے ثبوت کی تلاش کی جائے گی اور میزبان کینیڈا میں اچھے حالات میں مقیم ہے۔

    کیا میزبان نے دوسرے لوگوں کو بھی مدعو کیا ہے؟ کیا ان کے پاس تمام مہمانوں کے لیے کافی وسائل ہیں؟

    کیا آجر یا منتظم اس شخص کو فنڈ دے گا جو ایک بار کی کانفرنس یا کاروباری میٹنگ میں آنا چاہتا ہے؟ کیا آجر نے اس حقیقت کی تصدیق کرنے والا کوئی خط پیش کیا ہے؟

    کیا درخواست دہندہ نے ایسی طبی حالت کے بارے میں مطلع کیا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بگڑ سکتی ہے؟ یا کیا درخواست گزار کسی بیماری کے علاج کے لیے آرہا ہے؟ کیا درخواست دہندہ کے پاس کوئی ہیلتھ انشورنس ہے اور یہ کب تک کے لیے ہے؟

    اسی بارے میں پڑھیے

    دیگر عوامل کیا ہیں؟

    کیا درخواست گزار نے اپنے آبائی ملک میں ملازمت یا خاندانی ذمہ داریوں کا ذکر کیا ہے؟

    کیا درخواست گزار نے پہلے اپنے ملک سے باہر سفر کیا ہے؟ کیا وہ پہلے کینیڈا گئے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کیا انھوں نے اپنے ویزا کی شرائط و ضوابط پر عمل کیا ہے؟

    کیا درخواست گزار کو پہلے کینیڈا یا کسی دوسرے ملک کا ویزا دینے سے انکار کیا گیا ہے؟

    ایک سے زیادہ داخلے کے ویزوں کے لیے، حکام مختصر مدت کے ساتھ ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

    اس بات پر بھی غور کیا جائے کہ درخواست گزار کے آبائی ملک میں معاشی یا سیاسی حالات غیر مستحکم ہیں؟

    پہلے کی گئی تبدیلیاں

    اکتوبر کے آخری ہفتے میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا میں تارکین وطن کارکنوں کی تعداد میں عارضی کمی کا اعلان کیا تھا۔

    ٹروڈو نے کہا تھا کہ ان کی حکومت 2025 سے شروع ہونے والے امیگریشن نمبروں میں کمی کرے گی اور کمپنیوں کے لیے سخت قوانین کا اعلان کرے گی۔

    اس سے قبل 19 ستمبر کو کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سٹوڈنٹ ویزوں کے حوالے سے اہم اعلان کیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ کینیڈا نے اس سال (2024) بین الاقوامی طلباء کو 35 فیصد کم پرمٹ دیئے ہیں اور اگلے سال اس میں مزید 10 فیصد کمی کی جائے گی۔

    اس کے ساتھ انھوں نے غیر ملکی کارکنوں کے قوانین کو سخت کرنے کا اعلان بھی کیا تاکہ عارضی طور پر مقیم افراد کی تعداد کو کم کیا جا سکے۔

  6. سوزن وائلز: وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف کے عہدے پر پہلی بار ایک خاتون کی تقرری

    امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی انتخابی مہم کی منیجر سوزن سمیرال وائلز وائٹ ہاؤس کی چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔

    ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ وائلز نے ’امریکی تاریخ کی سب سے بڑی سیاسی فتح حاصل کرنے میں میری مدد کی۔‘

    وائٹ ہاؤس کا چیف آف اسٹاف کیا ہوتا ہے؟

    وائٹ ہاؤس کا چیف آف سٹاف ہر صدر کی انتظامیہ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    وہ بنیادی طور پر وائٹ ہاؤس کے مینیجر کے طور پر کام کرتے ہیں اور صدر کے عملے کو منظّم رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔

    چیف آف سٹاف صدر کے ایگزیکٹو آفس کے ذریعے عملے کی قیادت کرتا ہے اور تمام روزمرہ کے آپریشنز اور عملے کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا ہے۔

    وہ پالیسی امور پر صدور کو بھی مشورہ دیتے ہیں اور پالیسی پر عمل در آمد کے لیے ہدایت اور نگرانی کے ذمہ دار ہیں۔

    ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مطابق وائلز اس عہدے پر کام کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

    ٹرمپ کی ’آئس میڈن‘ سوزن وائلز کون ہیں؟

    ٹرمپ نے گذشتہ روز اپنی فتح کی تقریر میں وائلز کو ’آئس میڈن'‘قرار دیا تھا۔

    نومنتخب صدر نے کہا کہ وہ زیادہ تر ’پس پردہ‘ کام کرتی ہیں لیکن انھیں امریکہ میں سب سے زیادہ بارعب سیاسی کارکنوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

    سیاست میں آنے کے ایک سال سے بھی کم عرصے کے بعد وہ رونالڈ ریگن کے 1980 کے انتخابات سے پہلے ان کی انتخابی مہم میں شامل ہوگئیں۔

    سنہ 2010 میں انھوں نے اس وقت کے بزنس مین رک سکاٹ کو صرف سات ماہ میں فلوریڈا کا گورنر بنا دیا۔ سکاٹ اب امریکی سینیٹر ہیں۔

    وائلز نے 2015 کے رپبلکن صدارتی پرائمری انتخاب کے دوران ٹرمپ سے ملاقات کی تھی اور وہ فلوریڈا میں اپنی انتخابی مہم کے شریک چیئرمین بنے تھے۔

    انھیں 2016 میں ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں اس ریاست میں کو 1.6 فیصدکی برتری حاصل تھی۔

    فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سانٹس نے دو سال بعد انھیں گورنر کے انتخاب کے لیے اپنی مہم کا انچارج مقرر کیا اور وائلز کو ’اپنے کام میں بہترین‘ قرار دیا۔

    ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مطابق وہ وائٹ ہاؤس میں خدمات انجام دینے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

  7. بی بی سی اردو کے لائیو پیج پر خوش آمدید

    گذشتہ روز کی خبروں کا خلاصہ

    ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

    پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے کوئٹہ میں 8 نومبر کو جلسہ منعقد کرنے سے متعلق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ایک درخواست دی گئی تھی۔ جس سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے اس مقصد کے لیے دو مقامات بھی تجویز کیے گئے تھے جن میں ایوب سٹیڈیم اور ہاکی گراونڈ شامل تھے۔

    اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک مراسلے میں پی ٹی آئی کو سکیورٹی خدشات کی بنا پر جلسہ کی اجازت نہ دینے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

    مراسلے میں سپیشل برانچ کی ایک رپورٹ کا ذکر بھی کیا گیا ہے کہ جس میں پی ٹی آئی کے جلسے اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 44 میں ری پولنگ کے موقع پر امن و امان کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق انھیں تاریخوں میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانات ایوب سٹیڈیم میں ہو رہے ہیں ایسے میں جلسے کا انعقاد مُمکن نہیں۔

    جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں پانچ شدت پسند اور چار فوجی اہلکار ہلاک

    پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں ایک کارروائی میں پانچ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

    جمعرات کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پانچ شدت پسند جبکہ اس کارروائی کے دوران چار فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    پاکستانی فوج کے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت نائب صوبیدار طائب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود، اور لانس نائیک حبیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پاکستانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ یہاں موجود دیگر شدت پسندوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔

    پاکستان اور ایران نے بلوچستان میں کوئی مشترکہ کارروائی نہیں کی ہے:

    پاکستان کے دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں سمگلروں کے خلاف کوئی مشترکہ کارروائی نہیں کی ہے۔

    گذشتہ روز ایرانی میڈیا کی طرف سے اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ پاکستان اور ایران کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں سمگلروں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ہے۔ پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اطلاعات کی تردید کردی ہے۔

    جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ’یہ فیک نیوز ہے، پاکستان اور ایرانی حکام نے کوئی مشترکہ کارروائی نہیں کی ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سوشل میڈیا کی خبریں ہیں جو کہ دہشتگردوں نے پھیلائی ہیں۔‘ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 30 کلومیٹر اندر سمگلروں کے خلاف آپریشن کیا ہے۔