آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
فلاڈیلفیا چڑیا گھر کے تقریباً 100 سالہ کچھوے پہلی بار والدین بن گئے
- مصنف, جیک برگس
- عہدہ, بی بی سی نیوز
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 3 منٹ
امریکی ریاست فلاڈیلفیا کے چڑیا گھر میں معدومیت کے خطرے سے دوچار دیو ہیکل کچھوے 100 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ والدین بن گئے ہیں۔
چڑیا گھر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ویسٹرن سانتا کروز گالاپاگوس کچھوؤں کی جوڑی ابرازو اور مومی کے چار بچوں کی آمد ’بہت خوشی کا موقع‘ ہے۔
بیان کے مطابق چڑیا گھر کی 150 سالہ تاریخ میں یہ پیدائش اپنی نوعیت کا ’پہلا‘ موقع تھا اور مومی - جو 1932 میں چڑیا گھر میں لائی گئی تھی - اپنی نسل کی ایسی سب سے معمر ماں ہے جس کے انڈوں سے پہلی بار بچے نکلے ہوں۔
ویسٹرن سانتا کروز گالاپاگوس کچھوؤں کو جنگل کے ماحول میں شدید خطرہ لاحق ہے اور امریکی چڑیا گھروں میں بھی یہ 50 سے کم تعداد میں موجود ہیں۔
چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ وہ بدھ 23 اپریل کو ان چاروں بچوں کی عوامی رونمائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ یہ تاریخ ’چڑیا گھر میں ان بچوں کی ماں کی آمد کی 93 ویں سالگرہ‘ ہے۔
یہ بچے امریکہ کی ایسوسی ایشن آف زو اینڈ ایکویریم کے افزائش نسل کے پروگرام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد انواع اور جینیاتی تنوع کی بقا ہے۔
چڑیا گھر کی صدر اور سی ای او جو- ایلے موگرمین نے ایک بیان میں کہا، ’یہ فلاڈیلفیا چڑیا گھر کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے، اور ہم اس خبر کو اپنے شہر، علاقے اور دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مومی نامی مادہ کچھوا 1932 میں چڑیا گھر پہنچا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ جس نے بھی پچھلے 92 برس میں چڑیا گھر کا دورہ کیا ہے اس نے اسے دیکھا ہو گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے مقابلے میں ابرازو کو اس چڑیا گھر میں آئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا۔ وہ پہلے جنوبی کیرولائنا کے ریوربینکس چڑیا گھر میں رہنے کے بعد 2020 میں فلاڈیلفیا لایا گیا تھا۔
جو- ایلے موگرمین نے مزید کہا کہ ’فلاڈیلفیا چڑیا گھر کا وژن یہ ہے کہ کچھوے کے یہ بچے ہمارے سیارے پر گالاپاگوس کچھوؤں کی اب سے 100 سال بعد بڑھتی ہوئی آبادی کا حصہ ہوں گے۔‘