جب ٹرمپ نے خفیہ طور پر طیارہ تبدیل کیا

جب ٹرمپ نے خفیہ طور پر طیارہ تبدیل کیا
وقت اشاعت

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ گذشتہ ماہ ترکی میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر ممکنہ سکیورٹی خطرے کے پیش نظر انھوں نے خفیہ طور پر اپنا طیارہ تبدیل کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میں سیکریٹ سروس اور فوج کی ہدایات پر عمل کرتا ہوں۔ وہ چاہتے تھے کہ میں دوسری پرواز اور مختلف طیارے میں سفر کروں۔'

گذشتہ روز امریکی میڈیا نے اس حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ نیٹو ممالک کے سربراہی اجلاس سے روانگی کے وقت ٹرمپ نے ممکنہ ایرانی خطرے کے پیشِ نظر اپنا طیارہ تبدیل کیا تھا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر پہلے ٹی وی کیمروں کے سامنے ایئر فورس ون میں سوار ہوئے لیکن بعد میں انھیں خاموشی سے ہوائی اڈے پر موجود ایک کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے ایک فوجی طیارے تک پہنچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی خفیہ طریقے سے دوسرے طیارے میں منتقلی سے ایئرفورس ون میں موجود صحافی اور حتیٰ کہ وائٹ ہاؤس کے بعض عملے کے ارکان بھی لاعلم رہے تھے۔