دھند: امریکی ریاست ورجینیا میں 60 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں

وقت اشاعت

امریکہ کی ریاست ورجینیا میں ایک موٹروے پر 60 سے زیادہ گاڑیوں کے تصادم کے سبب تقریباً 50 افراد زخمی ہوگئے جبکہ گاڑیاں ڈھیر کی صورت میں جمع ہوگئیں۔

دو زخمی افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

واقعہ ولیمزبرگ شہر کے قریبب انٹرسٹیٹ ہائی وے 64 پر اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے پیش آیا اور حکام کے مطابق اس کے بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر برفیلے اور دھند آلود موسم کی وجہ سے پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیے

جائے وقوعہ کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح تصادم کے باعث کئی گاڑیاں دوسرے گاڑیوں میں گھسی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو زخمیوں تک پہنچنے میں احتیاط برتنی پڑی۔

تباہ ہونے والی گاڑیوں کو ہٹانے اور سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھولنے میں کئی گھنٹوں کا وقت لگا۔

ٹرک ڈرائیور ایوان لیوی نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ انھوں نے آگے گہری دھند دیکھی تو اپنی رفتار گھٹا کر خطرے کی بتیاں جلا دیں۔ ’اگلی چیز جو میں نے دیکھی وہ یہ کہ گاڑیاں ایک دوسرے کے اوپر چڑھتی جا رہی تھی۔‘

ان کی اہلیہ جو دوسری گاڑی میں سفر کر رہی تھیں، انھیں بھی یہ حادثہ پیش آیا مگر انھیں سنگین چوٹیں نہیں آئیں۔