مانچیسٹر دھماکہ: ’لیبیا نے سلمان عبیدی کی ایک ماہ تک نگرانی کی تھی‘

وقت اشاعت

لیبیا کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مانچیسٹر دھماکے کی منصوبہ بندی دسمبر سے کی جا رہی تھی جس میں 22 افراد ہلاک ہوئے۔

لیبیا کے سکیورٹی حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے سے قبل سلمان عبیدی پر لیبیا میں کم از کم ایک ماہ تک نگرانی کی گئی۔

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس قسم کے حملوں کا تدارک کیا جا سکے۔

سلمان نے لیبیا میں اپنے خاندان کے ساتھ ایک ماہ گزارا اور پھر واپس برطانیہ آ گئے جہاں انھوں نے دھماکہ کیا۔

لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ لیبیا میں آمد پر سکیورٹی حکام سلمان پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سلمان کے ساتھ ساتھ ان کے بھائی ہاشم اور والد رمضان کی بھی نگرانی کی جا رہی تھی۔

لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز روزانہ ہاشم عبیدی اور رمضان عبیدی کی تفتیش کر رہی ہیں۔

لیبیا کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سلمان کے برطانیہ اور لیبیا میں سرغنہ کے بارے میں اہم معلومات تھیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی امور پر ان کے امریکہ کے ساتھ زیادہ قریبی تعلقات بہ نسبت برطانیہ کے۔

لیبیا کا کہنا ہے کہ ہاشم عبیدی نے حراست میں اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے سلمان کے ساتھ 2015 میں اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سلمان نے بم بنانے کا سامان برطانیہ میں خریدا تھا۔