http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 10 November, 2008, 10:01 GMT 15:01 PST

ناگپور ٹیسٹ اور سیریز انڈیا کے نام

ہندوستان نےناگپور میں آسٹریلیا کے ساتھ کھیلےگئے آخری ٹیسٹ میچ کو ایک سو بہتر رنز سے جیت لیا ہے اور اس طرح اس نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت کر گواسکر باڈر ٹرافی اپنے قبضے میں کر لی ہے۔

آسٹریلیا کو جیت کے لیے تین سو بیاسی رنز چاہیے تھے لیکن آخری روز لنچ کے بعد پوری ٹیم دو سو نو رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میتھیو ہیڈین نےسب سے زیادہ ستّتر رنز بنائے جبکہ ہربھجن سنگھ نے چونسٹھ رنز دیکر چار وکٹیں اور امت مشرا نے ستائس رن دیکر تین وکٹیں حاصل کیں۔

تقریباً بیس برس بعد آسٹریلیا کی ٹیم سیریز دو میچ کے فرق سے ہاری ہے۔ اس سے قبل انیس سو اٹھاسی۔نواسی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اسے بری طرح شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم صبح ہی سے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی کیونکہ وہ پہلے ہی ایک میچ ہار چکی تھی اس لیے اسے یا تو سیریز برابر کرنا چاہتی تھی یا پھر ہار تو اس کی ہو ہی چکی تھی۔

چار ٹیسٹ میچوں کا پہلا میچ بنگلور میں ڈرا ہوا جبکہ موہالی کا میچ بھارت نے جیتا تھا۔ اس کے بعد دلی کا میچ ڈرا ہوا اور ناگپور میں فتح پھر بھارت کے حصے میں آئی۔

اس میچ کے لیے مین آف دی میچ آسٹریلیا کے جیسن کریزا قرار دیے گئے جنہوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں بارہ وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھارتی فاسٹ بالر ایشانت شرما کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ایشانت نے اس سیریز میں پندرہ وکٹیں حاصل کیں۔

اس ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے ساتھ ہی بھارت کے دو بڑے کھلاڑیوں سورو گنگولی اور انیل کمبلے کے کرکٹ کیرئر کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اس سیریز کے ساتھ ہی اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔