Sunday, 09 November, 2008, 21:06 GMT 02:06 PST
بھارت کے خلاف ناگپور میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میچ میں فتح اور سیریز برابر کرنے کے لیے آسٹریلیا کو میچ کے آخری دن مزید تین سو انہتر رن بنانا ہوں گے جبکہ ان کی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں بنا کسی نقصان کے تیرہ رن بنائے تھے۔
اس سے قبل وریندر سہواگ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں دو سو پچانوے رن بنائے۔ سہواگ نے بانوے رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان مہندر دھونی اور ہربھجن سنگھ بھی نصف سنچریاں بنا کر نمایاں رہے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان سو رنز سے زائد کی شراکت ہوئی۔
آسٹریلوی سپنر کریجزا اور شین واٹسن نے چار، چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی جبکہ بریٹ لی نے بھی ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک بھارتی کھلاڑ،ی رن آؤٹ ہوا۔
کریجزا نے اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے کل بارہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
بھارت نے ناگپور ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں تندولکر کی شاندار سنچری کی بدولت چار سو اکتالیس رن بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو پچپن رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں بھارت کو آسٹریلیا پر چھیاسی رن کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
بھارت چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کرچکا ہے اور آسٹریلیا کو سیریز بچانے کے لیے یہ ٹیسٹ جیتنا لازم ہے۔