Tuesday, 28 October, 2008, 08:06 GMT 13:06 PST
بھارت کے سپن گیند باز ہر بھجن سنگھ کے انگوٹھے میں چوٹ آئی ہے اس لیے دلی میں آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاید وہ نہ کھیل سکیں۔ لیکن انیل کمبلےاب پوری طرح فٹ ہیں۔
اگر ہربھجن سنگھ نہیں کھیل سکے تو ان کی جگہ امت مشرا کو جگہ مل سکتی ہے جنہوں نے موہالی میں سات وکٹیں لی تھیں۔ یہ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا جس میں آسٹریلیا کو تین سو بیس رنز سے شکست ہوئی تھی۔
ادھر آسٹریلیا کے تیزگیند باز سٹورٹ کلارک بھی پوری طرح فٹ نہیں ہیں جو کہنی میں چوٹ کے سبب دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ سٹورٹ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں لیکن آسٹریلیا ان کی جگہ کسی سپنر کو کھیلا سکتی ہے کیونکہ دلی میں کوٹلہ کی پچ تیسرے دن ہی ٹرن ہونا شروع ہوجائےگی۔
آسٹریلیا کے سپن گیند باز کیمرون وہائٹ نے دو ٹیسٹ میچوں میں صرف چار وکٹیں لی ہیں اور وہ کچھ خاص کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے تیئیس سالہ جیسن کریزا، جو تسمانیہ کی طرف سے کھیلتے ہیں، انہیں دلی ٹیسٹ کھیلنے کے لیے ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس نوجوان کھلاڑی کی تعریف بھارت کے سابق سپن گیند باز بشن سنگھ بیدی نے بھی کی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے بیدی سے اس بارے میں صلاح و مشورہ کیا تھا۔
بشن سنگھ بیدی کا کہنا ہے کہ آسٹرلیا کو جیسن کو کھلانا ہی چاہیے۔’ انہیں ایک انگلی والا سپنر چاہیے، اس میں کوئی شک نہیں کہ شین وارن کے بعد ایک بڑا خلاء پیدا ہوگیا ہے لیکن میرے خیال سے ان نوجوانوں میں کسی ایک ذمہ داری لینی چاہیے۔‘
ہندوستان کو دلی کی کوٹلہ کی پچ پر کوئی مشکل نہیں کیونکہ انیل کمبلے جیسے کھلاڑی نے صرف چھ ٹیسٹ میچوں میں اس میدان پر پچپن وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انیس سو نناوے میں اسی میدان پر کمبلے نے پاکستان کے خلاف دس وکٹیں حاصل کی تھیں۔