http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 12 October, 2008, 11:04 GMT 16:04 PST

آصف ڈوپ کیس کی سماعت ملتوی

انڈین پریمیئر لیگ کے ڈرگ ٹریبونل کے سامنے فاسٹ بولر محمد آصف کے ڈوپ کیس کی سماعت گیارہ نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

آئی پی ایل کا ڈرگ ٹریبونل سنیل گواسکر، شریش گپتے اور ڈاکٹر روی بپت پر مشتمل ہے اور محمد آصف کے وکیل شاہد کریم نے سماعت کے دوران سنیچر کو کہا تھا کہ یہ ٹریبونل اس مقدمے کی سماعت کا مجاز نہیں۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں دہلی کی طرف سے کھیلتے ہوئے محمد آصف کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے’ بی سمپل‘ کے ٹیسٹ پر اصرار کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے وہ سوئٹزر لینڈ گئے تھے لیکن ان کا دوسرا ڈوپ ٹیسٹ بھی مثبت رہا تھا۔

اگر ٹریبونل محمد آصف کی وضاحت سے مطمئن نہ ہوا تو ان کو دو سالہ پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ دونوں یورین سمپلز میں ممنوعہ دوا نینڈرولن کی مقدار مختلف رہی ہے لہذا محمد آصف سزا سے بچ جائیں گے۔

دوسال قبل بھی محمد آصف کو ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن تیکنیکی بنیاد پر وہ سزا سے بچ گئے تھے۔

ٹریبونل نے محمد آصف کو تیس اگست کو طلب کیا تھا لیکن بھارتی ویزا نہ ملنے کے سبب وہ اس روز پیش نہیں ہوسکے تھے جس پر سماعت کے لیے گیارہ اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔