Saturday, 11 October, 2008, 23:34 GMT 04:34 PST
کینیڈا میں کھیلنے جانے والے ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کی ٹیم کو تین وکٹ سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
میچ کے آخر اوور میں پاکستان کو جیتنے کے لیے تیرہ رن کی ضرورت تھی اورایسے نازک مرحلے پر پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے فولادی اعصاب کا مظاہرے کرتے ہوئے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو سینتیس رن بنائے تھے۔
میچ کی آخری گیند پر پاکستان فتح سے چار رن کی دوری پر تھا لیکن آخری بال پر شعیب ملک نے چوکا لگا کر یہ رکاوٹ عبور کر لی۔ آخری اوور میں شیعب ملک نے دو چوکے لگائے۔
شعیب ملک نے اس میچ میں ناقابل شکست بیالیس رن بنائے۔ فواد عالم نے بھی اس میچ میں بہترین اننگز کھیلی انہوں نے تیئس رنز بناے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے آخری اوور میں ایک شاندار چھکا بھی لگایا۔
فواد عالم اور شعیب ملک کی شراکت میں چار اوور میں پچاس رن بنے۔
فوار عالم نے مجموعی طور پر اپنی اننگز میں تین چھکے لگائے۔
![]() |
|
| شعیب اختر کو ایک وکٹ ملی |
اس کے بعد یونس خان اور مصباح الحق نے اننگز کو سنبھالا اور سکور کو اکسٹھ تک لے گئے جب سری لنکا نےکوشالیہ ویرارتنے کو گیند کرنے کے لیے بلایا۔
انہوں نے پہلے یونس خان کو اور پھر مصباح الحق کو آؤٹ کر دیا۔ ویرارتنے نے اس کے بعد سہیل تنویر کو آؤٹ کر دیا جبکہ دوسری طرف دل ہارا فرنینڈو نے وکٹ کیپر کامران اکمل کو آؤٹ کر دیا۔
اس وقت پاکستان نے اکانوے رن بنائے تھےاور وہ سری لنکا کے ایک سو سینتس رن کے ہدف کا پیچھا کر رہی تھی۔
لیکن اس کے بعد شعیب ملک اور فواد عالم کے درمیان شراکت نے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔
اس میچ میں سری لنکا نے مہیلہ جے وردھنے اور اجنتا مینڈس کو نہیں کھلایا تھا جو اسے مہنگا پڑا۔
پاکستان کی طرف سے عمر گل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ جب کہ شعیب ملک صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ سری لنکا کی نو وکٹیں گریں۔