Friday, 10 October, 2008, 06:27 GMT 11:27 PST
بنگلور میں انڈیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارت نے بغیر کسی نقصان کے اڑسٹھ رن بنائے ہیں جبکہ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چار سو تیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جب کھیل ختم ہوا تو بھارت کی جانب سے سہواگ تینتالیس جبکہ گوتم گمبھیر بیس رن پر کھیل رہے تھے۔
آسٹریلوی اننگز کی خاص بات کپتان رکی پونٹنگ اور مائیک ہسی کی سنچریاں تھیں۔ ہسی ایک سو چھیالیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرے دن آسٹریلیا نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو چون رن سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو مجموعی سکور میں صرف پانچ رن کے اضافے کے بعد آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ گر گئی۔
آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی شین واٹسن تھے جنہیں دوسرے دن کے کھیل کے آغاز میں ہی ایشانت شرما نے بولڈ کیا۔اس کے بعد بھارتی بالر کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ایشانت شرما نے پہلے ہیڈن اور پھر وائٹ کو آؤٹ کر کے اپنی وکٹوں کی تعداد چار کر لی۔
آسٹریلیا کے لوئر آرڈر بلے بازوں میں بریڈ ہیڈن اور بریٹ لی کے علاوہ کوئی بلے باز بھارتی فاسٹ بالروں کا مقابلہ نہ کر سکا۔ بھارت کی جانب سے ظہیر خان نے پانچ، ایشانت شرما نے چار جبکہ ہربھجن سنگھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جمعرات کو بنگلور میں شروع ہونے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلے دن آسٹریلوی اننگز کی خاص بات کپتان رکی پونٹنگ کی سنچری تھی۔ وہ ایک سو تئیس رن بنا کر ہربھجن سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کے کیرئر کی چھتیسویں اور بھارتی سرزمین پر پہلی سنچری تھی۔
انڈیا:
گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ، راہول ڈراویڈ، سچن تندولکر، سورو گنگولی، لکشمن، مہندر سنگھ دھونی، انیل کمبلے، ہربھجن سنگھ، ایشانت
شرما۔
آسٹریلیا:
کیٹچ، میتھیو ہیڈن، رکی پونٹنگ، مائیکل ہسی، کلارک، وائٹ، واٹسن، ہیڈِن، بریٹ لی، جو کلارک۔