http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 08 October, 2008, 16:47 GMT 21:47 PST

مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

صلاح الدین صلو مستعفی ہوگئے

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چئرمین سابق کرکٹر صلاح الدین صلو نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چئرمین اعجاز بٹ نے ان کے استعفے سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔

نئے چیئرمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے استعفی انہیں بھیجنے کی بجائے پہلے ہی میڈیا کو بتا دیا تو وہ اس پر کیا کہ سکتے ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کا استعفی نئے چیئرمین کے اس بیان کے بعد آیا کہ وہ ہر چیئرمین کی طرح اپنی ٹیم لائیں گے۔

ادھر اصلاح الدین نے بعد ازاں یہ کہا کہ وہ نئے چیئرمین کو مبارکباد دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ڈاکٹر نسیم اشرف نے انہیں یہ عہدہ دیا تھا اور انہوں نے بہت ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دیے اور ان کی منتخب کردہ ٹیم نے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے علاوہ اور بھی کئی کامیابیاں حاصل کیں۔

صلاح الدین سپن بالر سید اجمل کو ٹیم میں لینا چاھتے تھے جبکہ مینجمنٹ کے اصرار پر نئے کھلاڑی شعیب خان کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔

کچھ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ صلاح الدین صلو کینڈا میں ہونے والے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کے انتخاب میں بورڈ مینجمنٹ کی مداخلت پر بھی ناخوش تھے۔

ان اطلاعات کی بابت صلاح الدین صلو کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں شاید یہ تبدیلی وزارت کھیل کی جانب سے ہوئی اور اس پر انہیں افسوس ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم میں یہ تبدیلی بورڈ کے اہلکاروں نے کی یا وزارت کھیل نے اس پر نئے چیئرمین کو تحقیق کرنا چاھیے۔

صلاح الدین صلو کو سلیکشن کمیٹی کے چئرمین کا عہدہ سابق چئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے اپریل 2007 کو دو سال کے لیے یعنی 2009 تک کے لیے دیا تھا۔یہ پہلی سلیکشن کمیٹی تھی کہ جسے باقائدہ کرکٹ بورڈ سے تنخواہ ملتی تھی۔

صلاح الدین صلو اس سے پہلے بارہا قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں۔