Friday, 26 September, 2008, 20:18 GMT 01:18 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان معین خان کو جوابی نوٹس بھجوادیا ہے جس میں پچیس کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعوی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ معین خان نے اپنے وکیل کے توسط سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں پاکستان میں بار بار آئی سی ایل کا ایجنٹ کہہ کر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل حیدر رضوی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جوابی نوٹس میں معین خان کے تمام دعووں کو غلط بتایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’محمد یوسف سمیت آئی سی ایل کے تمام پاکستانی کرکٹرز کے معاہدے معین خان کی کمپنی کے توسط سے ہوئے ہیں اور معین کا کہنا غلط ہے کہ وہ آئی سی ایل کے لئے پاکستان میں کام نہیں کررہے ہیں‘۔
تفضل رضوی نے کہا کہ آئی سی ایل نے محمد یوسف سے معاہدہ کرتے وقت مبینہ طور پر بیاسی ہزار ڈالرز کی رقم معین خان کو دی تھی لیکن انہوں نے محمد یوسف کو باون ہزار ڈالرز ہی دیئے تھے جو معاہدہ ختم کرنے کے بعد محمد یوسف نے واپس کردیئے تھے۔
واضح رہے کہ محمد یوسف کا آئی سی ایل سے معاہدہ ختم کرکے آئی پی ایل سے معاہدہ کرنے کا معاملہ اس وقت ممبئی کی ثالثی عدالت اور ممبئی ہائی کورٹ میں زیرِسماعت ہے اور ممبئی کی ثالثی عدالت نے محمد یوسف کو جرح کے لئے اکیس اور بائیس نومبر کو طلب کیا ہے۔