Wednesday, 24 September, 2008, 17:49 GMT 22:49 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں بار بار آئی سی ایل کا پاکستان میں ایجنٹ کہہ کر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
معین خان کے وکیل عمران قریشی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ان کے موکل کے لیے کافی تکلیف دہ ہے کہ ذرائع ابلاغ میں کافی عرصے سے پاکستان کرکٹ بورڈ یہ کہتا آیا ہے کہ محمد یوسف نے آئی سی ایل سے معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس کی رقم آئی سی ایل کے پاکستان میں موجود ایجنٹ معین خان کے توسط سے واپس کردی تھی جو سراسر غلط ہے۔
عمران قریشی نے کہا کہ نوٹس میں دس کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد یوسف کا آئی سی ایل سے تنازع اس وقت ممبئی کی ثالثی عدالت اور ممبئی ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔
محمد یوسف متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے آئی سی ایل سے معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس کی پیشگی رقم معین خان کے توسط سے آئی سی ایل کو واپس کردی تھی اور معین خان اس کی تردید کرتے آئے ہیں۔
معین خان آئی سی ایل میں حصہ لینے والی پاکستانی کرکٹرز پر مشتمل ٹیم لاہور بادشاہ کے کوچ ہیں۔
لاہور بادشاہ کی ٹیم چھ اکتوبر کو بھارت روانہ ہورہی ہے جہاں دس اکتوبر سے انڈین کرکٹ لیگ کا نیا سیزن شروع ہونے والا ہے۔