Tuesday, 16 September, 2008, 00:20 GMT 05:20 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نعمی کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کے بعد بھی اگر آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم بھارت کا دورہ کرتی ہے تویہ ان کے دہرے معیار کا آئینہ دار ہوگا۔
شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو اندازہ ہونا چاہیے کہ آج کے حالات کے تحت دنیا کا کوئی ملک بھی دہشت گردی کی زد سے
دور نہیں اور اب اگر بھارت میں بم دھماکے ہوئے ہیں تو یہ بہت افسوس ناک بات ہے لیکن اس موقع پر آسٹریلیا کی ٹیم کو بھارتی حکومت
پر اعتماد کرنا چاہیے اور اسی طرح انہیں پاکستان کی حکومت کی یقین دھانی پر بھی اعتماد کرنا چاہیے۔
|
|
انہوں نے کہا ’اس لیے جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم ان کو فول پروف سیکیورٹی دیں گے تو انہیں ہم پر اعتماد کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کے یہ بہانے کہ ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی اور کبھی یہ کہ ہمارے کھلاڑی نہیں مانتے انہیں کم از کم میں وہ نہیں مانتے۔
شفقت نغمی نے کہا کہ انہیں سو فیصد یقین ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم بھارت کا دورہ ضرور کرے گی اور اس صورت میں انہیں ایک معیار رکھتے ہوئے پاکستان کا دورہ بھی ضرور کرنا چاہیے اور کسی قسم کے بہانے نہیں بنانا چاہئیں۔
آسٹریلیا نے اس سال پاکستان میں سیریز کھیلنے سے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر انکار کر دیا تھا اور بعد ازاں آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے سیکیورٹی خدشات کے سبب چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ بھی ملتوی کرنا پڑا۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے 2009 اور 2010 میں دو حصوں میں پاکستان میں سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کو بھی اگلے سال پاکستان ہی میں کروانے کا وعدہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے بھارت میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد بھی دورہء بھارت کو شیڈول کے مطابق برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے البتہ یہ ضرور کہا کہ آسٹریلوی بورڈ بھارت میں سیکیورٹی کا بغور جائزہ لے گا۔