Monday, 15 September, 2008, 12:22 GMT 17:22 PST
کرکٹ آف آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اس کا بھارت کا دورہ ابھی تک طے شدہ پروگرام کے تحت ہی ہوگا لیکن سکیورٹی کے بعض خدشات کے باعث حتمی فیصلہ سکیورٹی ماہرین کے صلاح و مشورے کے بعد کیا جائےگا۔
دلی بم دھماکے کے بعد آسٹریلیا نے بھارت میں کھیلنے پر بعض خدشات کا اظہار کیا تھا۔
کرکٹ آف آسٹریلیا کے مینیجر پیٹر ینگ نے ایک بیان میں کہا کہ ابھی تک ان کی ٹیم کا بھارت دورہ طے شدہ پروگرام کے تحت برقرار ہے لیکن سکیورٹی کے بعض خدشات ہیں جن کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ماہرین کی رائے کا ابھی انتظار ہے جنہیں سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے معمور کیا گيا ہے۔’ہمارا موقف یہ ہے کہ دورہ جاری ہے یا پھر ہمیں اس کے برعکس چیز کے لیے آمادہ کرلیا جائے۔ ہمارے کچھ خدشات ہیں اس لیے احتیاط برتنے کا مشورہ ہے، ہم مشورے کی بنیاد پر اس ماہ کی اکیس کو جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
اطلاعات کے مطابق کرکٹ افسران آسٹریلیائی حکومت کے نمائندوں سے اس بارے میں ملاقات کرنے والے ہیں جس میں صورت حال کا جائزہ لیا جائےگا۔
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم اے اس وقت بھارت کے دورے پر ہے اور ایک بیان کے مطابق اس ٹیم کے اہل کاروں سے بھی سیکیورٹی کے متعلق رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
دلی بم دھماکوں کے بعد آسٹریلیا نے بھارت میں سکیورٹی پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ٹیم اس ماہ کے آخر میں بھارت آنے والی ہے۔ وارم اپ میچز جے پور، حیدرآباد میں ہوں گے جبکہ ٹیسٹ میچ دلی میں کھلا جائےگا۔ یہ تینوں شہر بم دھماکوں کا شکار ہوچکے ہیں۔