http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 01 September, 2008, 08:01 GMT 13:01 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کاؤنٹی میں شعیب کی واپسی کےامکان

پاکستان کے متنازعہ فاسٹ بولر شعیب اختر سرے میں شمولیت اختیار کر کے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں حیران کن واپسی کر سکتے ہیں۔

33 سالہ کرکٹر کی خواہش ہے کہ انہیں دوبارہ پاکستان کی ٹیم میں شامل کر لیا جائے۔انہیں پانچ سال کے لیے معطل کر دیا گیا تھا جسے اب واپس لے لیا گیا ہے۔

سرے ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے اور یہ ٹیم ڈوثرن ایک میں سب سے نیچے آئی ہوئی ہے ٹیم کے کوچ ایلن بچر کا کہنا ہے کہ ’ہم نے شعیب سے بات کی ہے دیکھتے ہیں کہ آیا یہ ممکن ہو پائےگا‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ممکن ہوا تو ہماری ٹیم کے لیے بہت اچھا ہوگا۔اس کام میں سب سے بڑی روکاوٹ وہ قانونی دستاویز ہیں جن کے لیے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو کم سے کم تین ہفتے برطانیہ میں گزارنے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شعیب بھی اس سلسلے میں بہت دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں کیونکہ وہ پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ یہ کلب ان کے لیے پاکستانی ٹیم شامل ہونے کے لیےایک سیڑھی کا کام کرے گا۔

شعیب نے تین انگلش کاؤنٹی ٹیموں کی طرف سے میچ کھیلے ہیں جو سمر سیٹ ، ڈرہم اور ووسٹر شائر ہے۔انہوں نے نوٹنگھم شائر کو بھی سائن کیا تھا لیکن کبھی بھی اس کے لیے کھیلے نہیں۔