Friday, 29 August, 2008, 23:56 GMT 04:56 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
چمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ملتوی ہونے کے بعد پاکستان کی ٹیم کے جنوبی افریقہ کے دورے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو شفقت نغمی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو دعوت دی ہے لیکن یہ دورہ اس وقت مکمل طور پر طے پائے گا جب جنوبی افریقہ کو اس کے لیے سپانسرشپ اور میڈیا پاٹنر مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک یہ باتیں طے نہ پا جائیں اس وقت تک اس دورے کو یقینی نہیں کہا جا سکتا اور اس میں سات سے دس دن لگ سکتے
ہیں۔
جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے سب سے پہلے پاکستان میں چمپئنز ٹرافی کھیلنے سے باضابطہ انکار کیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ چند لوگوں نے یہ کہا کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان آنے سے انکار کیا تو ہمیں بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔ شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ ان کی رائے اس سلسلے میں مختلف ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سوچ بچگانہ ہے، اور اگر جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے ایک اچھی پیشکش کی ہے تو ہمیں اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک اپنی ٹیم کو کرکٹ کھلانا زیادہ اہم ہے اور اس سال پاکستان کی ٹیم کو بہت کم کرکٹ کھیلنے کے لیے ملی ہے اور اسی لیے اگر تمام معاملات طے پا جاتے ہیں تو یہ ٹیم کے لیے اچھا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ رمضان کے مہینے میں ہی ہو گا۔
شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ چمپئنز ٹرافی کے ملتوی ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوا کیونکہ اس پر اب تک ہونے والے اخراجات آئی سی سی نے ہی اٹھائے اور جہاں تک ہماری میزبانی کی فیس وہ ہمیں اس مالی سال میں نہیں تو اگلے مالی سال میں مل جائے گی۔ شفقت نغمی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے مالی حالات اتنے برے نہیں ہیں کہ وہ ایک فیس نہ ملنے پر اپنے اخراجات پورے نہ کر سکے۔