Sunday, 17 August, 2008, 06:31 GMT 11:31 PST
امریکی تیراک مائیکل فیلپس نے بیجنگ اولمپک میں آٹھ طلائی تمغے جیت کر مارک اسپٹز کا چھتیس سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ فیلپس نے اتوار کو بیجنگ میں اپنا آٹھواں تمغہ چار ضرب ایک سو مِیٹر میڈلے ریس میں حاصل کیا۔
تئیس سالہ فیلپس کے ساتھ اس ریس میں آرون پی ایرسول، برینڈن ہینسن اور جیسن لیزک شامل تھے۔ اس امریکی ٹیم نے مذکورہ ریس تین منٹ انتیس اعشاریہ چونتیس سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔
تاریخ ساز کامیابی کے بعد فیلپس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے تو اس وقت یہ بھی سمجھ میں نہیں آ رہا کہ مجھے کیا محسوس کرنا چاہیے‘۔ ’مجھ پر مختلف طرح کے جذبات طاری ہیں اور انتہائی خوشی بھی ہے۔ میں اپنی ماں سے ملنا چاہتا ہوں‘۔
فیلپس نے اپنی ٹیم کے ارکان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ’کیونکہ ان کی مدد کے بغیر اتنے تمغے جیتنا ممکن نہیں تھا۔‘ انہوں نے کہ انہوں نے تین ریلے ریسوں میں حصہ لیا اور اکائی کے طور پر کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ ’کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا۔ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا، لیکن اس کے لیے صرف سوچ چاہیے، میں نہ یہی سیکھا اور یہی بات میرے کام آئی۔‘