Sunday, 17 August, 2008, 23:29 GMT 04:29 PST
جمیکا سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ شیلی فریزر نے اولمپکس میں خواتین کی سو میٹر دوڑ جیت کر طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اسی ریس میں دو جمیکن ایتھلیٹس دوسرے نمبر پر رہیں۔
اولمپکس کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریس میں تینوں تمغے ایک ہی ملک کی ایتھلیٹس نے حاصل کیے ہوں۔
یہ اولمپکس میں سو میٹر مقابلوں میں جمیکا کی دوسری اہم کامیابی ہے۔ اس سے قبل مردوں کی سو میٹر دوڑ میں جمیکا کے یوسین بولٹ نے عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا تھا۔
اکیس سالہ شیلی فریزر نے مقررہ فاصلہ دس اعشاریہ سات آٹھ سیکنڈ میں طے کیا اور وہ ریس کے آغاز سے اختتام تک سب سے آگے رہیں۔ اس فتح کے بعد فریزر کا کہنا تھا کہ’ میں بہت خوش ہوں۔ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہو جائے گا‘۔
دوسرے نمبر پر آنے والی جمیکن رنرز شیرون سمپسنز اور کیرن سٹیورٹ نے مقررہ فاصلہ دس اعشاریہ نو آٹھ سیکنڈ میں طے کر کے چاندی کے تمغے جیتے۔
امریکی ایتھلیٹ لارین ولیمز چوتھے نمبر پر رہیں۔ جمیکن ایتھلیٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے ولیمز نے کہا کہ’ میں جمیکنز کی رفتار کے بارے میں نہیں سوچ رہی۔ میں نے سارا سال انہیں دیکھا ہے اور وہ بہت مستقل مزاج ہیں‘۔