Thursday, 14 August, 2008, 15:32 GMT 20:32 PST
ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کا اولمپکس ٹینس مقابلوں میں انفرادی طور پر سونے کا تمغہ جیتنے کا خواب اس وقت ادھورا رہ گیا جب وہ مردوں کے سنگل مقابلوں میں امریکہ کے جیمز بلیک کے ہاتھوں شکست کھا کر اولمپکس سنگل ٹینس مقابلوں سے باہر ہو گئے۔
جیمز بلیک نے فیڈرر کو کوارٹر فائنل مقابلے میں سٹریٹ سیٹس میں چھ۔چار اور سات۔چھ سے شکست دی۔
یہ نواں موقع تھا کہ عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر کے کھلاڑی جیمز بلیک اور راجر فیڈرر کسی ٹینس میچ میں مدِمقابل تھے اور جیمز بلیک پہلی مرتبہ فیڈرر کو نیچا دکھانے میں کامیاب رہے۔
راجر فیڈرر نے میچ کے دوران متعدد غلطیاں کیں اور اس شکست کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ان کے لیے اسی ماہ ہونے والے یو ایس اوپن گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا آسان نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ اس برس ٹینس مقابلوں میں فیڈرر قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ہیں اور اس پیر کو وہ عالمی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن بھی کھو بیٹھیں گے۔پیر کو جب تازہ ترین رینکنگ جاری ہو گی تو سپین کے رافیل ندال عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن جائیں گے۔