Wednesday, 13 August, 2008, 05:13 GMT 10:13 PST
امریکی تیراک مائیکل فیلپس گیارہ تمغے جیت کر اولمپک کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
تیئس سالہ مائیکل فیلپس نے جب دو سو میٹر بٹرفلائی میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تو وہ یہ موجودہ اولمپک مقابلوں میں ان کا چوتھا اور اب تک کا دسواں سونے کا تمغہ تھا۔
اس کے بعد انہوں نے چار ضرب دو سو میٹر فری سٹائل میں بھی سونے کا تمغہ جیت کر اپنے تمغوں کی تعداد گیارہ کر لی۔ ان سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ موجودہ اولمپکس میں آٹھ طلائی تمغے جیت کر نیا ریکارڈ بنائیں گے۔
اس سے پہلے اولمپک کی تاریخ میں پاوؤ نُرمی، کارل لوئس، مارک سپٹز اور لاریسا لاٹی نینا نے نو نو تمغے جیت کر سب سے کامیاب ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا۔
منگل کے روز مائیکل فیلپس نے دو سو میٹر فری سٹائیل میں مقررہ فاصلہ ایک منٹ بیالیس اعشاریہ چھیانوے سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ امریکہ ہی کے آرون پیری سول نے ایک سو میٹر بیک سٹروک کے مقابلے میں باون اعشاریہ چون سیکنڈ میں نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔