Wednesday, 06 August, 2008, 17:42 GMT 22:42 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان اور ہندوستان کے پہلوان پاکستان کے صوبہ پنجاب کے چار مختلف شہروں میں دیسی دنگل کریں گے اور اس سلسلے میں بھارت سے بیس پہلوانوں کی ایک ٹیم بارہ اگست کو واہگہ بارڈر سے لاہور پہنچے گی۔
پندرہ اگست کو ملتان میں چار پاکستانی اور چار بھارتی پہلوان آمنے سامنے ہوں گے۔ ان میں بڑا دنگل پاکستان کے حامد خان پہلوان اور بھارت کے سریندر کمار کے درمیان ہو گا۔
دوسرا دنگل سترہ اگست کو بہاولپور میں ہو گا جہاں بڑا دنگل اعظم لُڑکا اور نریندر کمار کے درمیان ہو گا۔ تیسرا دنگل چوبیس اگست کو گجرانوالہ میں نو پاکستانی اور نو بھارتی پہلوانوں کے مابین ہو گا۔ اس دنگل میں بڑا مقابلہ محمد عمر اور سوہن سنگھ کے درمیان ہو گا۔
لاہور میں چھبیس اگست کو اس سلسلے کے آخری مقابلے ہوں گے۔ لاہور میں سات پاکستانی پہلوان بھارتی پہلوانوں سے کشتی کرنے کے لیے اکھاڑے میں اتریں گے۔ لاہور میں بڑا دنگل پاکستان کے بشیر بھولا بھالا اور بھارت کے نوین کمار کے درمیان ہو گا۔
دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیسی کشتی کے یہ دنگل صوبہ پنجاب کے وزیر اعلٰی شہباز شریف کی ہدایت پر کروائے جا رہے ہیں جن کا مقصد دیسی کشتی کو فروغ دینے کے علاوہ اکھاڑے کے کلچر کو زندہ کرنا ہے۔