http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 03 August, 2008, 12:45 GMT 17:45 PST

سری لنکا پر ہربھجن کا جادو چل گیا

گال میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو 170 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سری لنکا کو فتح کے لیے دوسری اننگز میں307 رنز درکار تھے لیکن سری لنکا کی پوری ٹیم محض 136 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 329 اور دوسری اننگز میں 269 رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 292 رنز بنا سکی تھی۔

سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ آٹھ آگست سے کولمبو میں کھیلا جا‏ئے گا۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ہندوستان کو شکست دے دی تھی۔

ہندوستان کی جیت ميں گیند بازوں نے کلیدی کردار ادا کیا اور ہربھجن سنگھ کی گیند بازی کا جادو خوب چلا۔ انہوں نے دونوں اننگز ميں مجموعی طور پر دس وکٹیں لیں۔ تاہم اس ٹیسٹ میں بہترین بلے بازی کے لیے وریندر سہواگ کو مین آف دی میچ قرار دیا گيا۔ سہواگ نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں نصف سنچری بنائی۔

سری لنکا کی دوسری اننگز میں سمرویرا کے علاوہ دیگر بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ سمرویرا 67 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ تلک رتنے نے 38 رنز بنائے۔

ہندوستان کی جانب سے ہربھجن نے دوسری اننگز میں چار اور ایشانت شرما نے تین وکٹ لیے۔ کپتان انیل کمبلے کو دو اور ظہیر خان کو ایک وکٹ ملی۔