http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 08 July, 2008, 13:43 GMT 18:43 PST

مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

عورتوں کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی جولائی میں

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلی بار پاکستان میں چار ٹیموں پر مشتمل خواتین کے پہلے قومی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرا رہا ہے۔

یہ چار ٹیمیں پاکستان کے چار مختلف علاقوں کی نمائندگی کریں گی۔

بیس بیس اوورز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ اٹھارہ سے ستائیس جولائی تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کو کروانے کا مقصد سن دو ہزار نو میں خواتین کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم تیار کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے چار مختلف زون کے لیے چونسٹھ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔

یہ چار زون کچھ اس طرح ہیں: شمالی زون میں پشاور، ایبٹ آباد اور اسلام آباد کی خواتین کرکٹر شامل ہیں۔ سنٹرل زون بلو میں لاہور اور سیالکوٹ کی کھلاڑی ہیں۔

سنٹرل زون گرین میں ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کی کرکٹرز ہیں۔ اور جنوبی زون میں کراچی، حیدر آباد اور کوئٹہ کی خواتین کرکٹر شامل ہیں۔