Wednesday, 02 July, 2008, 09:28 GMT 14:28 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کپتان شعیب ملک فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے نتیجے میں بھارت کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
ان کی جگہ مصباح الحق قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
میچ سے قبل ٹیم کے فزیو اور ڈاکٹر کی موجودگی میں ڈی ہائیڈریشن کا شکار شعیب ملک نے فٹنس ٹیسٹ دیا لیکن چند ہی منٹ کے اس سیشن
میں ان پر تھکاوٹ ظاہر ہونے لگی۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کو بھارت کے خلاف گروپ میچ میں ڈی ہائیڈریشن ہوگئی تھی اس کے باوجود وہ سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی کھیلے۔
وہ منگل کو پاکستانی ٹیم کی پریکٹس میں بھی حصہ نہ لے سکے ۔
اس کے باوجود سلیکٹرز نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ شعیب ملک مکمل فٹ ہیں گیارہ رکنی ٹیم میں ان کی شمولیت کا اعلان کردیا تھا۔
شعیب ملک کی جگہ اوپنر ناصر جمشید کو حتمی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ناصر جمشید کے علاوہ فاسٹ بولر عبدالرؤف اور آف اسپنر سعید اجمل کو منصورامجد اور وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔