Sunday, 29 June, 2008, 14:18 GMT 19:18 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
غیر موثر بولنگ کے بعد غیر معیاری بیٹنگ نے پاکستان کو ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں 64 رنز کی شکست سے دوچار کردیا۔
پاکستانی ٹیم جسے میچ جیتنے کے لئے303 رنز کا ہدف ملا تھا تمام وقت تگ ودو میں مصروف رہنے کے بعد9 وکٹوں پر238 رنز بناسکی۔
لیگ سپن گگلی اور آف اسپن کرنے والے ورائٹی بولر اجانتھا مینڈس نے47 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی بیٹنگ کو کسی بھی
موقع پر سنبھلنے نہیں دیا۔
اس شکست کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں7 وکٹوں پر302 رنز بنائے تھے جس میں کمار سنگاکارا کی شاندار سنچری قابل ذکر تھی جنہوں نے10 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے112 رنز اسکور کئے۔
پاکستانی بیٹنگ ابتدا ہی سے سری لنکن بولرز کے رحم و کرم پر رہی ۔ اننگز کی پہلی ہی گیند پر چمندا واس نے سلمان بٹ کو صفر پر بولڈ کردیا۔
یونس خان اور شعیب ملک جب تک کریز پر تھے پاکستان کی امید برقرار تھی لیکن یونس خان 47 رنز بناکر کولاسکیرا کی گیند پر مرلی دھرن کو کیچ دے گئے۔ اسوقت پاکستان کا اسکور72 تھا۔
پاکستانی کپتان اپنی اننگز میں تمام وقت دباؤ میں رہے اور 79 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے بننے والی ان کی نصف سنچری کسی طور بھی متاثر کن نہ تھی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اوپنر کی حیثیت سے بیٹنگ کے لئے آنے والے شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری پاکستان کی اننگز کے30 ویں اوور میں مکمل کی۔
پاکستانی ٹیم کی مایوسی میں اسوقت اضافہ ہوگیا جب شاہد آفریدی پہلی ہی گیند پر متبادل فیلڈر جیہان مبارک نے ان کا کیچ لے کر سنتھ جے سوریا کو وکٹ دلا دی۔
مینڈس نے منصور امجد کو بھی پانچ رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کا راستہ دکھایا۔
مصباح الحق کی مزاحمت فتح تک پہنچنے کے لئے ناکافی ثابت ہوئی۔ انہوں نے3 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے76 رنز بنائے جو انکا بہترین انفرادی سکور بھی ہے۔ گیارہ اننگز کے بعد ان کی پہلی نصف سنچری تھی۔ سرفراز احمد19 رنز پر کولاسکیرا کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ۔ فواد عالم اور ان فٹ عمر گل کی جگہ لیگ اسپنر منصور امجد اور وہاب ریاض کو موقع دیا گیا۔ منصور امجد کا یہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل تھا۔
سری لنکا کی اننگز کا آغاز سنتھ جے سوریا اور کمار سنگاکارا نے کیا لیکن جے سوریا پانچویں اوور میں صرف8 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
کپتان مہیلا جے وردھنے نے چند اچھے اسٹروکس کھیلے لیکن29 کے انفرادی اسکور پر سہیل تنویر انہیں مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ کرانے میں کامیاب ہوگئے۔
سنگاکارا اور کاپوگدیرا نے تیسری وکٹ کے لئے88 رنز کا اضافہ کیا۔
جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کاپوگدیرا نصف سنچری سے سات رنز کی دوری پر رہ گئے۔ انہیں منصور امجد نے اپنے دوسرے اوور میں مڈوکٹ پر
یونس خان کے ہاتھوں کیچ کراکر پہلی وکٹ حاصل کرلی۔ کاپوگدیرا کی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کمار سنگاکارا تین وکٹیں گرنے کے باوجود پرسکون اندازمیں کھیلتے رہے اور جب انہیں کوئی خراب گیند ملی انہوں نے اسے باؤنڈڑی تک پہنچانے میں کوئی رعایت نہیں برتی۔
سنگاکارا نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں نویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری 96گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل
کی۔
سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے چوتھے بیٹسمین چمارا سلوا تھے جو پانچ چوکوں کی مدد سے46 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹ کیپر
سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
سلوا اور سنگاکارا نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں93 رنز کا اضافہ کیا۔
سنگاکارا کی شاندار اننگز کا خاتمہ سہیل تنویر نے بولڈ کرکے کیا۔
سہیل تنویر ہی نے28 رنز بنانے والے تھلان توشارا کو وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ کراکر میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کرلی۔ انہوں
نے اننگز کا اختتام48 رنز پر پانچ وکٹوں پر کیا جو ان کی بہترین بولنگ بھی ہے۔
اس سے قبل ان کی بہترین بولنگ 34رنز کے عوض 4 وکٹیں اسی سال زمبابوے کےخلاف حیدرآباد میں تھی۔
سری لنکا کی اننگز کے آخری اوور میں وہاب ریاض نے تلکارتنے دلشن کو8 رنز پر بولڈ کردیا۔
ایشیا کپ میں پیر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔