Saturday, 28 June, 2008, 15:23 GMT 20:23 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
فاسٹ بولر عبدالرؤف کو ان فٹ عمر گل کی جگہ ایشیا کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
عمرگل پسلی کے پٹھے میں کھنچاؤ کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ میں دوسرے اوور کے بعد ہی میدان سے باہر چلے گئے تھے اور ڈاکٹروں نے انہیں دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ذاکر خان، کے کے ہری داس اور اقبال سکندر پر مشتمل ایشیا کپ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان کو عمرگل کی جگہ متبادل کھلاڑی ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دی ہے۔
ٹیم منیجمنٹ نے سلیکشن کمیٹی سے عبدالرؤف کے لیے درخواست کی تھی۔ تیس سالہ عبدالرؤف ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ بیس ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل تھے تاہم وہ حتمی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔
وہ پاکستان کی طرف سے زمبابوے کے خلاف شیخوپورہ میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس سیزن میں عبدالرؤف نے بارہ فرسٹ کلاس میچوں میں پنتالیس وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ سنیچر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں چار ٹیمیں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش سنگل لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلیں گی اور دو بہترین ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔
سنیچر کو پہلا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جس کے بعد انتیس جون کو سری لنکا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ تیس جون کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ ہے۔ دو جولائی کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ تین جولائی کو بھارتی ٹیم سری لنکا سے کھیلے گی۔ چار جولائی کو آخری لیگ میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا۔ ایشیا کپ کا فائنل چھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔