Friday, 27 June, 2008, 16:18 GMT 21:18 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
فاسٹ بولر عمرگل ان فٹ ہوجانے کے سبب ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پسلی کا مسل کھنچ جانے کے سبب وہ بھارت کے خلاف میچ میں صرف دوسرے اوور ہی میں بولنگ چھوڑ کر باہر جانے پر مجبور ہوگئے تھے۔
چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز نے عمرگل کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ظاہر ہے وہ ایشیا کپ میں مزید حصہ لینے کے قابل نہیں رہے ہیں۔
انہوں نے عمرگل کی جگہ کسی دوسرے بولر کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے بارے میں کہا کہ اس کا فیصلہ ٹیم منیجمنٹ کی طرف سے باضابطہ درخواست ملنے کے بعد کیا جائے گا۔
خیال یہی ہے کہ عمرگل کی جگہ فاسٹ بولر عبدالرؤف کو پاکستانی ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا جو ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ بیس ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل تھے۔
تیس سالہ عبدالرؤف اسی سال زمبابوے کےخلاف شیخوپورہ میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عبدالرؤف نے اس سال فرسٹ کلاس کرکٹ سیزن میں بارہ میچوں میں پنتالیس وکٹیں حاصل کی ہیں۔
|
ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ سنیچر سے
|
سنیچر کو پہلا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ انتیس جون کو سری لنکا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ تیس جون کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کا میچ ہے۔ دو جولائی کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ تین جولائی کو بھارتی ٹیم سری لنکا سے کھیلے گی۔
چار جولائی کو آخری لیگ میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا۔ ایشیا کپ کا فائنل چھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔