Wednesday, 25 June, 2008, 14:29 GMT 19:29 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین کی جانب سے نکالے گئے ڈائریکٹر سپیشل پراجیکٹس سلیم الطاف کو لاہور کی ایک عدالت نے وقتی طور پر بحال کر دیا ہے۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے بارہ جون کو سلیم الطاف کو پی سی بی سے فارغ کر دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ کرکٹ بورڈ کی اہم معلومات میڈیا کو فراہم کرتے ہیں۔ سلیم الطاف ان الزامات سے انکاری ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم الطاف نے 24 جون کو پی سی بی کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس اکبر علی قریشی کی عدالت میں اپیل دائر کی۔
عدالت نے 25 جون کی صبح پی سی بی کو نوٹس جاری کیے۔ شام تین بجے پی سی بی کے وکیل تفضل حسین رضوی کی موجودگی میں عدالت نے ڈاکٹر نسیم اشرف کے حکم کو معطل کر دیا۔حتمی فیصلے کے لیےاس مقدمے کی کاروائی جاری رہے گی۔
سلیم الطاف کا کہنا تھا کہ جیسے ہی انہیں عدالت کے فیصلے کی نقل ملے گی وہ پی سی بی میں اپنےعہدے پر دوبارہ کام شروع کر دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل حسین رضوی کا کہنا ہے کہ وہ محمد یوسف کے متنازع انڈین کرکٹ لیگ کے دائر کردہ کیس کے سلسلے میں
بھارت جا رہے ہیں۔ وہاں سے واپس آ کر اس فیصلے کے خلاف انٹر کورٹ اپیل دائر کریں گے۔