Monday, 23 June, 2008, 18:27 GMT 23:27 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
ایشیا کپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم سری لنکا کے کپتان مہیلا جیا وردھنے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ کے لیے بہت سخت محنت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔
گزشتہ ایشیا کپ 2004 میں سری لنکا میں ہوا تھا اور اس کے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو شکست دی تھی۔
مہلا جیا وردھنے کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کی دفاعی ٹیم اور ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کے سبب ہم یہ ٹورنامنٹ جیتنا چاھتے ہیں۔
مہلا جیا وردھنے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی فٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ سے پہلے ہمارے کچھ کھلاڑی مکمل فٹ نہیں تھے لیکن آئی پی ایل میں کھیلنے سے انہیں اپنی فٹنس بہتر کرنے میں مدد ملی خاص طور پر ہمارے بولرز کی فٹنس بہتر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک اہم بولر معروف پریکٹس گیم کے دوران ان فٹ ہو گئے اس لیے ٹیم کے ساتھ نہیں آ سکے۔ مہلا جیا وردھنے نے کہا کہ’ہم ایشیا کپ میں شریک ہر ٹیم چاہے وہ یو اے ای ہو، بنگلا دیش ہو، پاکستان ہو یا انڈیا عزت کرتے ہیں اور کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے‘۔
مہلا جیا وردھنے کے مطابق وہ ہر میچ کے حساب سے حکمت عملی بنائیں گے لیکن ان کا اصل ہدف تو ایشیا کپ جیتنا ہی ہے۔ سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ 24 جون کو قذافی سٹیڈیم میں یو اے ای اور بنگلا دیش کے میچ پر ان کی نظر رہے گی۔
ادھر بنگلہ دیش کی ٹیم کے کپتان پر عزم ہیں کہ وہ یو اے ای کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں ضرور جگہ حاصل کریں گے۔ یو اے کی ٹیم کے کپتان ثاقب علی جو پاکستانی ہیں اور کئی برسوں سے یو اے ای میں مقیم ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان کی بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک جیسی ہیں اور وہ پہلے میچ میں زبردست کھیل پیش کریں گی۔