Monday, 16 June, 2008, 18:23 GMT 23:23 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
میرظفراللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ وہ اب بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر ہیں اور استعفے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو سابق اولمپئن خالد محمود کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ٹی وی چینلز نے میرظفراللہ جمالی کے استعفے کی خبر بھی وثوق سے دینی شروع کردی تھی۔
میرظفراللہ جمالی نے رابطہ کرنے پر بی بی سی کو بتایا کہ وہ روجھان سے کراچی پہنچے ہیں اور انہیں اپنے استعفے کی خبر کا کچھ پتہ نہیں ہے۔
میرظفراللہ جمالی نے کہا کہ وہ منگل کو اسلام آباد جارہے ہیں جہاں جونیئر ایشیا کپ کے لئے قومی جونیئر ٹیم کے ٹرائلز ہورہے ہیں وہیں وہ اصل صورتحال معلوم کر لیں گے۔ فی الحال وہ یہی کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے پی ایچ ایف کی صدارت نہیں چھوڑی ہے۔
سابق اولمپئن خالد محمود کو سیکریٹری کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بارے میں میرظفراللہ جمالی نے واضح کردیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات ایک آئین کے تحت چلتے ہیں۔ سیکریٹری اپنی تقرری کے بعد کانگریس کے بعد اعتماد کا ووٹ لیتا ہے اس کانگریس میں چاروں صوبوں اور اداروں کے سو سے زائد نمائندے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ خالد محمود کو وزیرکھیل نے ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے آصف باجوہ کو سیکریٹری مقرر کیا ہے جسے ہاکی کے حلقوں میں ایک ’غیرآئینی‘ قدم قرار دیاجارہا ہے۔