http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 05 June, 2008, 09:58 GMT 14:58 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

آصف کا بیان قلمبند، رہائی میں تاخیر

دبئی ائرپورٹ پر مبینہ طور پر منشیات کی برآمدگی کے بعد حراست میں لیے جانے والے پاکستانی فاسٹ بالر محمد آصف نے جمعرات کو دبئی میں پراسکیوٹر کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

آصف کے رواں ہفتے کے دوران رہائی کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں اور اب اس کیس کی سماعت اتوار کو ہوگی۔

محمد آصف پھر سے خبروں میں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز ندیم اکرم نے بی بی سی کے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد آصف کا بیان قلمبند ہوگیا ہے تاہم انہوں نے محمد آصف کی لیبارٹری رپورٹ کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ محمد آصف گزشتہ اتوار سے دبئی ائرپورٹ پر زیر حراست ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد آصف کو قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی وکیل کی خدمات حاصل کی ہیں جو متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی مدد سے انہیں رہا کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر احسان اللہ خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے کہا تھا کہ فاسٹ بالر محمد آصف کی ممکنہ رہائی میں مزید دو تین دن لگ سکتے ہیں۔

بدھ کو ہی آصف کو سہ فریقی سیریز کے لیے بنگلہ دیش جانے والی پاکستانی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین صلاح الدین صلو نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ محمد آصف کی جگہ فاسٹ بولر سہیل خان کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔