Thursday, 29 May, 2008, 14:59 GMT 19:59 PST
بھارتی بلے باز سچن تندولکر گروئن میں تکلیف کی وجہ سے بنگلہ دیش میں ہونے والی سہ ملکی سیریز اور پاکستان میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
تندولکر نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اس تکلیف کی وجہ سے حصہ نہیں لیا تھا اور بعد ازاں وہ آئی پی ایل کے کچھ میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نرنجن شاہ نے تندولکر کے ان فٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’ تندولکر بھارتی ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں‘۔
بنگلہ دیش میں آٹھ جون سے شروع ہونے والی سہ ملکی سیریز میں بھارت کے علاوہ میزبان بنگلہ دیش اور پاکستان بھی حصہ لے رہے ہیں جبکہ چوبیس جون سے چھ جولائی تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں ان تین ممالک کے علاوہ سری لنکا، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات بھی حصہ لیں گے۔