Monday, 19 May, 2008, 10:53 GMT 15:53 PST
ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کی ٹیم کے مالک شاہ رخ خان کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم میں نہ جائیں۔
فلم اداکار شاہ رخ حان نے کرکٹ بورڈ کی اس ہدایت کے جواب میں کہا ہے کہ انہیں اپنی کرکٹ ٹیم سے ملنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ’ کرکٹ بورڈ کی ضابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ مجھے ڈریسنگ روم میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ میں اپنی ٹیم کے قریب رہنا چاہتا ہوں، میں اس کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں اور مجھے اپنی ٹیم سے ملنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے‘۔
کرکٹ بورڈ کے سکریٹری نرجن شاہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ضابطے کے تحت بورڈ کے عہدیداران بھی ڈریسنگ روم میں نہیں جا سکتے۔ شاہ رخ خان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’یہ ضابطے کا معاملہ ہے اور اس میں انا کا سوال نہیں آنا چاہیے‘۔
کولکتہ ٹیم کے ڈائریکٹر جوائے بھٹا چاریہ نے کہا ہے کہ یہ کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے اور اسے حل کر لیا جائےگا۔
ادھر آئی آئی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستان کرکٹ بورڈ کا معاملہ ہے۔’بی سی سی آئی اپنے ڈومیسٹک گیمز کا انتظام دیکھ رہی ہے اور وہی اصول و ضوابط کا نفاذ بھی کر رہی ہے، آئی سی سی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘
یہ تنازعہ ایک ایسے وقت میں پیدا ہوا ہے جب آئی پی ایل ٹورنامنٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ مقابلے کے دوران اس سے پہلے بھی کئي تنازعے پیدا ہوئے ہیں لیکن وہ آئی پی ایل کے دلچسپ مقابلوں کے پس منظر میں چلے گئے۔ یہ تنازع بھی شاید زیادہ طول نہ پکڑ سکے۔