Friday, 09 May, 2008, 16:04 GMT 21:04 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کے طور پر مستعفی ہونے والے بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کی جگہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا نام تجویز کیا ہے۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے یہ بات دبئی سے واپس آ کر قذافی سٹیڈیم لاہور میں صحافیوں کو بتائی۔ وہ اس سال ستمبر میں پاکستان میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں آئی سی سی کے حکام کے ساتھ مذاکرات کے لیے سات مئی کو دبئی گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے ساتھ چمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں کافی کامیاب بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ستمبر میں چمپئنز ٹرافی کے بہترین طریقے سے انعقاد کے لیے ہماری تیاریاں بھی بہت بہتر انداز سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا اور ہمارے ماہرین کے ساتھ مل کر سکیورٹی کا پلان تیار کرے گا۔
پی سی بی کے سربراہ کے مطابق شعیب اختر کی سزا کے خلاف اپیل سننے والے ٹربیونل کو توڑنے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور ٹریبونل چار جون کو معمول کے مطابق اپنی کارروائی دوبارہ شروع کرے گا۔