Wednesday, 23 April, 2008, 00:25 GMT 05:25 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ذیشان اشرف کی قیادت میں پاکستان کی اٹھارہ رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ آٹھ سے اٹھارہ مئی تک ملائشیا کے شہر اپوہ میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، نیوزی لینڈ، ارجنٹائن، کینیڈا، بیلجیئم اور ملائشیا حصہ لیں گی۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے بعد یہی ٹیم یورپ کے دورے پر جائے گی جہاں اسے فرانس جرمنی اور بیلجیئم کے ساتھ میچز کھیلنے کے علاوہ ڈبلن میں چار قومی ٹورنامنٹ میں حصہ لینا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی یہ مصروفیت بیجنگ اولمپکس کی تیاری کا حصہ ہے۔
بیجنگ اولمپکس اگست میں ہونگے جس کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں آسٹریلیا، ہالینڈ، برطانیہ، جنوبی افریقہ اور کینیڈا
کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم کا انتخاب لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دو روزہ ٹرائلز کے ذریعے عمل میں آیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اصلاح الدین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کیمپ اور ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کی گئی ہے ۔
ایک نئے کھلاڑی رائٹ ہاف محمد جاوید نے ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ ٹیم کسی بھی مضبوط ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:سلمان اکبر، ناصر، ذیشان اشرف ( کپتان) عمران، عتیق، کامران، عرفان، محمد ثقلین،ایم فرید، محمد جاوید، وقاص شریف، ریحان بٹ، شکیل عباسی، محمد زبیر، عباس حیدر، وقاص اکبر، شبیر اور شفقت رسول۔