http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 04 April, 2008, 11:26 GMT 16:26 PST

مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور

پابندی کے خلاف شعیب کی اپیل

فاسٹ بالر شعیب اختر کے وکلاء نے بورڈ کی طرف سے ان پر پانچ سال کی پابندی کے خلاف پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ افسر شفقت نغمی کے روبرو اپیل دائر کر دی ہے۔

اپیل جمع کرانے کے لیے شعیب اختر کے وکلاء عظیم دانیال اور محمد علی لاشاری آئے لیکن خلاف توقع شعیب اختر ان کے ساتھ نہیں تھے۔

آئی پی ایل نے بھی پابندی لگا دی
شعیب پر پابندی زیادتی ہے۔۔۔
شعیب اختر پر پانچ سالہ پابندی، آپ کی رائے

شعیب کے وکلاء کا کہنا تھا کہ شعیب اختر پر لگائی جانے والی پابندی غیر قانونی ہے۔

اپیل وصول کرنے کے بعد بورڈ کے چیف آپریٹنگ افسر نے کہا کہ انہیں اپیل مل چکی ہے اور اب وہ انہیں (شعیب کے وکلاء کو) بورڈ کی طرف سے پابندی کے فیصلے کی نقل فراہم کر رہے ہیں جس کے بعد وکلاء کے پاس سات دن ہوں گے جس کے دوران اگر وہ چاہیں تو اپیل میں رد و بدل کر سکتے یا کوئی دستاویز شامل یا واپس لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈسپلن کی مبینہ خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نےشعیب اختر کے پانچ سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی ہے۔ اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا ہے کہ شعیب اختر کی موجودگی پاکستانی کرکٹ ٹیم اور پاکستان کے نام، ہر ایک کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہی تھی۔

خود شعیب نے بورڈ کی پابندی کو بے جا قرار دیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ جب وہ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ میں ہی نہیں ہیں تو بورڈ ان پر پابندی کیسے لگا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

اس پابندی کے خلاف لوگوں نے شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

اس دوران شعیب کے بیانات کو بورڈ اور چئرمین بورڈ کے لیے توہین آمیز قرار دیتے ہوئے ہر دو کے وکلاء نے دس دس کوڑ روپے ہرجانے کے لیے نوٹس دیے ہیں۔