Monday, 24 March, 2008, 13:33 GMT 18:33 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ بنگلہ دیش کےخلاف ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔سیریز پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل ہے اس کے علاوہ ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے انکار کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو اس بات پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے کہ وہ پاکستان آ کر ون ڈے سیریز کھیل لے۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم چھ اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آٹھ اپریل کو لاہور میں ہوگا ، دوسرا گیارہ اپریل کو فیصل آباد میں، تیسرا تیرہ اپریل کو لاہورمیں، چوتھا سولہ اپریل کو ملتان اور سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل انیس اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
کراچی بیس اپریل کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی میزبانی بھی کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے ساتھ بھی ون ڈے سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن بھارت میں ہونے والی آئی پی ایل اس سیریز
پر اثر انداز ہورہی ہے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو دلیپ مینڈس نے کولمبو میں اے ایف پی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہے لیکن یہ سیریز آئی پی ایل کی تاریخوں سے متصادم نہیں ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) اٹھارہ اپریل سے یکم جون تک کھیلی جائے گی جس میں سری لنکا کے بھی کئی کھلاڑی آئی
پی ایل سے معاہدہ کیے ہوئے ہیں اور دلیپ مینڈس کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو بھارت جانے کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے۔