Saturday, 15 March, 2008, 09:20 GMT 14:20 PST
ولنگٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلش بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو نیوزی لینڈ پر چار سو اکیس رن کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں نو وکٹ کے نقصان پر دو سو ستتر رن بنائے تھے۔
انگلینڈ کو نیوزی لینڈ پر پہلی اننگز میں ایک سو چوالیس رن کی برتری حاصل ہوئی تھی اور تیسرے دن جب انگلش بلے بازوں نے دوسری اننگز بغیر کسی نقصان کے چار رن پر شروع کی توکپتان مائیکل وان چھٹے اوور میں اکیس کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہوں نے تیرہ رن بنائے۔
تاہم ابتدائی نقصان کے باوجود الیسٹر کک اور اینڈریو سٹراس نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا سکور ایک سو ستائیس تک لے گئے۔ اس موقع پر کک ساٹھ اور پھر سکور میں دو رن کے اضافے کے بعد سٹراس چوالیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 160 کے سکور پر اس وقت گری جب کیون پیٹرسن سترہ کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر این بیل اور پال کالنگ وڈ نے ٹیم کو سہارا دیا اور سکور 219 تک پہنچا دیا۔ بیل نے اکتالیس جبکہ کالنگ وڈ نے انسٹھ رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے انگلش وکٹ کیپر ایمبروز اس مرتبہ ناکام رہے اور صرف پانچ رن بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب اورم نے تین ، ملز اور گلسپی نے دو دو جبکہ مارٹن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے ہملٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں تین سو بیالیس رن سکور کیے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ایک سو اٹھانوے رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔