Thursday, 14 February, 2008, 00:25 GMT 05:25 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے مزید آٹھ کرکٹرز نے انڈین کرکٹ لیگ( آئی سی ایل ) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
آئی سی ایل کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اشیش کول نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ مشتاق احمد، رانا نوید الحسن، ہمایوں فرحت، شاہد نذیر، حسن رضا، عمران نذیر، محمد سمیع اور ریاض آفریدی نے آئی سی ایل سے معاہدہ کر لیا ہے۔
آئی سی ایل اگلے سیزن میں پاکستانی کرکٹرز پر مشتمل ایک مکمل ٹیم میدان میں اتارے گی اور آٹھ کرکٹرز سے کیا گیا معاہدہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کے بارے میں بھی پتہ چلا ہے کہ وہ بھی جلد آئی سی ایل میں شمولیت اختیار کر لیں گےجبکہ ایک اور آف اسپنر ارشد خان بھی آئی سی ایل میں شامل ہونے کے بارے میں سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی سے بھی استعفی دے دیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کا استعفی منظور کر لیا ہے۔
آئی سی ایل میں شامل ہونے والے پاکستانی کرکٹرز کی تعداد اب14 ہوگئی ہے اس سے قبل انڈین کرکٹ لیگ کا پہلا سیزن کھیلنے والوں میں انضمام الحق۔ عبدالرزاق۔ شبیر احمد۔ توفیق عمر۔ اظہر محمود اور عمران فرحت شامل تھے۔
پاکستان کے محمد یوسف نے بھی آئی سی ایل سے معاہدہ کیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے یہ معاہدہ ختم کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایما پر آئی پی ایل میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا جس پر آئی سی ایل نے ان کے خلاف ثالثی عدالت میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ انڈین کرکٹ لیگ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس میں حصہ لینے والے کرکٹرز پر ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے بھی بند کر چکا ہے اور کرکٹرز اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے والے ہیں۔