Friday, 25 January, 2008, 10:42 GMT 15:42 PST
ہندوستان کے خلاف چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے باسٹھ رن بنا لیے تھے۔
جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا کے اوپنر فل جاکس اور میتھیو ہیڈن کریز پر موجود تھے۔
کھیل کے آخری مراحل میں ہندوستانی فیلڈرز نے دونوں آسٹریلوی اوپنرز کو گھیرے رکھا لیکن ایک اچھی بیٹنگ وکٹ پر وہ کسی پریشانی میں نظر نہیں آئے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے اس میچ میں ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز سچن تندولکر کے ایک سو ترپن رنز کی مدد سے پانچ سو چھبیس پر ختم کی تھی۔سچن نے اس اننگز میں دو سو پانچ گیندوں کا مقابلہ کیا اور تیرہ چوکے اور تین چھکے لگائے۔
صبج جب کھیل کا آغاز ہوا تو پہلے تین اوورز میں چوبیس رن بنے لیکن اس کے بعد مہندر سنگھ دھونی ڈیپ پوائنٹ پر اینڈریو سائمنڈز کے
ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد بریٹ لی نے تندولکر کو آؤٹ کیا۔
بھارت کی ساتویں وکٹ تین سو اٹھاون کے سکور پر گری تھی لیکن آخری تین کھلاڑیوں نے سکور کو 526 تک پہنچا دیا۔ ہندوستان کے کپتان انیل کمبلے نے بھی پہلی ہی بال پر کیچ چھوٹنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جم کر بیٹنگ کی اور ستاسی رن بنائے۔
ہربھجن سنگھ کے ساتھ ان کی شراکت میں ایک سو سات رن بنے۔ کمبلے اور ہربھجن کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت پینتیس اوور چلی جس دوران ہربھجن نے سڑسٹھ رن بنائے۔