http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 22 January, 2008, 14:56 GMT 19:56 PST

ماریا شاراپووا سیمی فائنل میں

روسی خاتون ٹینس کھلاڑی ماریا شاراپووا نے آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی بیلجئم کی جسٹن اینا آرڈین کو شکست دے کر سیمی فائنلز میں جگہ بنا لی ہے۔

شاراپووا نے اس میچ میں چھ چار اور چھ صفر سے فتح حاصل کی۔

شاراپووا نے پورے میچ میں اپنی گرفت مضبوط رکھی اور جسٹن اینا آرڈین کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔شیراپووا نے دوسرے ہی گیم میں سروس بریک کی اور پھر دوسرے سیٹ میں جسٹن اینا آرڈین کو ایک بھی گیم جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

ماضی میں شاراپووا اور اینا آرڈین کے درمیان آٹھ مرتبہ مقابلہ ہو چکا ہے جس میں جسٹن کا پلہ بھاری رہا ہے اور انہوں نے چھ مرتبہ فتح حاصل کی ہے۔

یہ لگاتار چوتھی مرتبہ ہے کہ شاراپووا آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔ وہ اب جمعرات کو سال کے پہلے گرینڈ سلام کے سیمی فائنل میں ففتھ سیڈ یلینا ینکووک کا مقابلہ کریں گی۔