http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 19 January, 2008, 14:37 GMT 19:37 PST

ثانیہ مرزا وینس ولیمز سے ہارگئیں

ہندوستان کی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا آسٹریلیائی اوپن کے تیسرے مرحلے میں امریکہ کی کھلاڑی وینس ولیمز سے ہار کر سنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئی ہیں۔

امریکی کھلاڑی وینس ولیمز نے ثانیہ کو 6 -7 ( 0 -7 ) اور 4 - 6 سے شکست دی۔

وینس ولیمز اس جیت کے ساتھ ہی چوتھے دور میں پہنچ گئی ہیں لیکن انہیں ثانیہ کو ہرانے کے لیے کافی محنت کرنی پڑی۔ وینس عالمی درجے میں آٹھویں نمبر کی کھلاڑی ہیں جبکہ ثانیہ اکتیسویں نمبر پر ہیں۔ پہلے سیٹ میں ثانیہ نے زبردست مقابلہ کیا لیکن آخر میں 6 -7 سے وینس جیت گئیں۔

ثانیہ دوسرا سیٹ ٹائی بریکر میں 0 -7 سے ہار گئیں اور پھر آخر میں ایسا لگا جیسے ان میں دم خم باقی نہیں رہا۔ ثانیہ مرزا اس سے پہلے آ‎سٹریلین اوپن میں وینس کی چھوٹی بہن سرینا ولیمز سے بھی ہار چکی ہیں۔

ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن میں کبھی تیسرے مرحلے سے آکے نہیں بڑھ پائی ہیں جبکہ وینس ولیمز ایک بار فائنل مقابلہ کھیل چکی ہیں۔ اگلے دور میں وینس کا مقابلہ چین کی کھلاڑی لی نا یا پولینڈ کی ڈوماچوسکوا سے ہوگا۔